دھمکیاں نہ دو جیل میں ڈال دو، ڈرنے والے نہیں، عمران خان کا چیلنج
05:19 AM, 3 Oct, 2022
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ دھمکیاں نہ دو جیل میں ڈال دو، ڈرنے والے نہیں ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ٹیکسلا میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے شہباز حکومت کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ جیل تو چھوٹی چیز ہے حقیقی آزادی کےلیے جان قربان کرنے کو بھی تیار ہوں، رانا ثنااللہ اورشہبازشریف کو خبردار کیا، بولے تیار ہوجاؤ، کہا مجھے ان کے پلان کا پتہ ہے، انہیں میرے پلان کا نہیں پتہ، سب نے میری کال کا انتظار کرنا ہے زیادہ دیر نہیں لگے گی، ایک دم کال دوں گا۔ سابق وزیر اعظم نے کہا کہ ساری قوم کو گواہ بنا کر پیغام دینا چاہتا ہوں کہ اس ملک میں حقیقی آزادی کی تحریک چل پڑی ہے، تم جتنے مرضی لوگوں کو جیلوں میں ڈال لو، تمہارے پاس اتنی جیلیں نہیں ہیں، قوم تیار ہے، میں بھی تیار ہوں۔ انہوں نے کہا کہ غلام سرور خان آپ میرے ساتھ ہر مشکل وقت میں کھڑے رہے، آپ کے حلقے میں سب کو بتانا چاہتا ہوں کہ اس طرح کے سیاست دان چاہئیں۔ عمران خان کے کہا کہ ہمیں جیلوں سے خوف ہے نہ ہی نامعلوم ٹیلی فون دھمکیوں سے، ہر دوسرے روز ہمیں ڈرانے کی کوشش کی جاتی ہے، سب سن لو پاکستانی قوم نے خوف کا بت توڑ دیا ہے۔