سندھ حکومت کا بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کیلئے الیکشن کمیشن کو خط

02:27 PM, 3 Oct, 2022

احمد علی
کراچی : سندھ حکومت نے بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کیلئے الیکشن کمیشن آ ف پاکستان کو خط لکھ دیا۔ سندھ حکومت کی جانب سے الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی ) کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ صوبے میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں ہے۔ سیلاب ریلیف آپریشن کے باعث متاثرہ علاقوں میں پولیس پیٹرولنگ جاری ہے، سیلاب متاثرہ علاقوں میں بھی پولیس فورس فرائض انجام دے رہی ہے۔ سندھ حکومت نے کہا ہے کہ پولیس نے تین ماہ کے لیے انتخابات میں سکیورٹی فراہم کرنے سے معذرت کی ہے،کراچی اور حیدر آباد ڈویژن میں تین ماہ کے لیے انتخابات مؤخر کیے جائیں۔ اس سے قبل سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے معاملے پر سندھ پولیس نے محکمہ داخلہ کو نفری کی کمی سے تحریری طور پر آگاہ کیا تھا۔ خط میں کہا گیا تھا کہ بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے لئے 39 ہزار293 پولیس کی ضرورت ہے، اس وقت 22ہزار 507 پولیس نفری کا بندوبست ہے ، بلدیاتی انتخابات کے لئے 16 ہزار 786 پولیس نفری کی کمی کا سامنا ہے۔ خط کے متن کے مطابق تین ماہ سے کراچی رینج پولیس کی نفری سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ہے۔ خیال رہے کہ کراچی ڈویژن میں بلدیاتی انتخابات 23 اکتوبر کو شیڈول ہیں۔
مزیدخبریں