چیچنیا کے سربراہ کا 3کم عمر بیٹوں کو یوکرین کے محاذ پر بھیجنے کا اعلان
04:49 PM, 3 Oct, 2022
روس کی نیم خودمختار مسلم اکثریتی آبادی والی ریاست چیچنیا کے سربراہ رمضان قادر یوف نے اپنے 3 کم عمر بیٹوں کو فوجی تربیت کے بعد یوکرین کے محاذ پر بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق چیچن سربراہ رمضان قادر یوف نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں کہا کہ والد ہی اپنے بچوں کو خاندان، عوام اور وطن کی حفاظت کرنا سکھاتا ہے اور وقت آگیا ہے میرے بیٹے حقیقی جنگ کا تجربہ حاصل کریں۔ رمضان قادر یوف کی جانب سے بیٹوں کی فوجی تربیت لیتے ہوئے ویڈیو شیئر کی گئی،جس پر لکھا ہے کہ بیٹوں نے فوجی تربیت لینا شروع کردی ہے اور ٹریننگ مکمل ہونے کے بعد یوکرین میں اگلے محاذ پر لڑیں گے۔ واضح رہے کہ چیچن سربراہ رمضان قادریوف کے بیٹوں کی عمر بالترتیب 14، 15 اور 16 سال ہے۔ خیال رہے کہ رواں سال 24 فروری کو روس نے یوکرین پر حملہ کیا تھا، یوکرین کے خلاف جنگ میں روسی جمہوریہ چیچنیا کے فوجی دستے بھی شریک ہیں۔