فتنے کی حکومت کو ختم نہ کرتے تو ملک ڈیفالٹ کر جاتا، رانا ثناء اللہ
05:35 PM, 3 Oct, 2023
لاہور:پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ کی حکومت کو ختم نہ کرتے تو ملک ڈیفالٹ کر جاتا، جب بھی مشکل وقت آیا نوازشریف نے ملک کو بحرانوں سے نکالا۔ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن 21 اکتوبر کو قائد نوازشریف کو ویلکم کرنے کیلئے پوری طرح تیار ہے، پوری قوم میاں نوازشریف کو ویلکم کرنے کی منتظر ہے، نوازشریف ضمانت لیکر آئیں گے اور عدالت کے سامنے پیش ہوں گے، پیپلز پارٹی اگر ہمارے خلاف بات نہیں کرے گی تو ہمارے ووٹ کو کیسے اپنی طرف متوجہ کرے گی؟ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا ایک طرف کھڑی ہوگئی تھی کہ کوئی مسلمان ملک ایٹمی قوت نہیں بن سکتا، میاں نوازشریف نے ایٹمی دھماکے کر کے قوم کو باوقار کیا، جب پاکستان ایٹمی قوت بنا تو پوری مسلم دنیا میں جشن منایا گیا، 2013 میں ملک دہشتگردی اور لوڈشیڈنگ کے عذاب میں دبا جا رہا تھا، ہر روز سیکڑوں شہداء کی لاشیں اٹھانی پڑ رہی تھیں، لوگ کہتے تھے ان دو مشکلات سے جان چھوٹ جائے تو ملک کو کوئی نہیں روک سکتا۔