لبنان میں شہریوں کو نشانہ نہ بنایا جائے، امریکا کا اسرائیل کو خبردار کردیا

09:50 AM, 3 Oct, 2024

ویب ڈیسک: امریکا نے اسرائیل پر واضح کردیا ہے کہ لبنان میں شہریوں کو نشانہ نہ بنایا جائے۔

امریکہ محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل سے کہاہے کہ لبنان میں شہریوں پر حملے بند کیے جائیں ۔

ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے کہا کہ امریکا لبنان میں شہریوں یا انفرااسٹرکچر پر حملے نہیں دیکھنا چاہتا، مشرق وسطیٰ کی صورتحال سے مکمل طور پر آگاہ ہیں، مشرق وسطیٰ میں قیام امن کے لیے کوششیں کررہے ہیں، حماس نے غزہ جنگ بندی معاہدے سے انکار کیا،جی سیون ممالک جلد ایران پر پابندیاں عائد کریں گے۔

ایک سوال کے جواب میں میتھو ملر نے کہا کہ کسی بھی ملک میں امریکی امداد میں بدعنوانی کو سنجیدگی سے لیتے ہیں، امریکی امداد کے استعمال کی نگرانی کا سخت نظام ہے، پاکستان سمیت کسی بھی ملک کو دی گئی امداد پر نگرانی رکھتے ہیں، امداد کے غلط استعمال پر فراہمی روک دیتے ہیں۔

یاد رہے کہ کچھ دیر قبل امریکی صدر جوبائیڈن نے ایک بیان میں کہا کہ ایران پر مزید پابندیاں لگانے جارہے ہیں، امریکا ایران کی جوہری تنصیبات پر حملے کی حمایت نہیں کرتا،بہت جلد اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو سے بات کروں گا۔

مزیدخبریں