ہوٹل پرفائرنگ سے میاں بیوی جاں بحق، آئی جی، وزیراعلیٰ کا نوٹس

01:25 PM, 3 Oct, 2024

ویب ڈیسک: ملتان میں موٹر سائیکل سوار نامعلوم افراد نے ہوٹل پر فائرنگ کردی، ہوٹل میں کھانا کھاکر نکلنے والے میاں بیوی فائرنگ کی زد میں آکر جاں بحق ہوگئے۔ 

پولیس کے مطابق واقعہ چونگی نمبر سات کچہری فوڈ پر پیش آیا جہاں دو نامعلوم موٹر سائیکل سوار افراد نے ہوٹل پر فائرنگ کی جس سے ہوٹل کے شیشے ٹوٹ گئے اور ملزمان فرار ہو گئے۔

اس کے بعد ملزمان کچہری چوک سے واپس آئے اور مزید فائرنگ کی جس سے ہوٹل سے کھانا کھا کر نکلنے والے میاں بیوی محمد عمران اور آمنہ موقع پر جاں بحق ہو گئے جبکہ ان کا آٹھ سالہ بیٹا محفوظ رہا۔ 

میاں بیوی گلگشت کالونی کے رہائشی تھے، پولیس ترجمان کے مطابق سی پی او نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری کے لیے اسپیشل ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔

آئی جی پنجاب کا نوٹس، رپورٹ طلب

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او ملتان سے  رپورٹ طلب کرلی ہے۔ 

آئی جی پنجاب نے سی پی او ملتان کو ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم بھی دیا ہے۔

اپنے بیان میں آئی جی پنجاب نے کہا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائیں۔ ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دلوائی جائے۔ لواحقین کو انصاف کی فراہمی ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنائی جائے۔

وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کا نوٹس 

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے حکم دیا ہے کہ ملزمان کو فی الفور گرفتار کیا جائے۔ 

اپنے بیان میں وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ 

مزیدخبریں