(ویب ڈیسک )ویمنس ٹی-20 عالمی کپ ۔۔۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے کرکٹ برادری، کھلاڑیوں اور شائقین کو زہریلے مواد سے بچانے کے ساتھ ساتھ خواتین کے ٹی-20 عالمی کپ کے دوران ایک محفوظ و جامع آن لائن ماحول بنانے کے مقصد سے ’سوشل میڈیا اعتدال پسندی‘ کا فریم ورک اے آئی ٹولز (مصنوعی ذہانت) پر مشتمل کمپیوٹر سافٹ ویئر متعارف کرایا ہے۔
آئی سی سی نے ایک پریس ریلیز بھی جاری کیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ یہ اے آئی سے چلنے والا ٹول برطانیہ کی سافٹ ویئر کمپنی ’گو ببل‘ کے ساتھ مل کر کھلاڑیوں کے سوشل میڈیا چینلز پر نفرت انگیز تقریر اور ہراساں کرنے جیسے زہریلے مواد کی نگرانی کرتا ہے۔ اس کا مقصد کھلاڑیوں کی ذہنی صحت کی حفاظت کرنا ہے، ساتھ ہی ٹیم اور کھلاڑیوں میں ایک مثبت ماحول کو فروغ دینا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ 60 سے زائد کھلاڑی سوشل میڈیا پروٹیکشن سروس کے اس آپشن کا انتخاب کر چکے ہیں۔ اس ٹول کے بارے میں آئی سی سی کے ڈیجیٹل ہیڈ فن بریڈشا کا کہنا ہے کہ ’’ہم ویمنس ٹی۔20 عالمی کپ کے تمام شرکاء اور شائقین کے لیے ایک مثبت و جامع ماحول کو فروغ دینے کے لیے وقف ہیں۔ یہ دیکھنا بہت اچھا لگ رہا ہے کہ بہت سارے کھلاڑی اور ٹیموں نے ہمارے نئے اقدام کو اختیار کیا ہے۔‘‘