پی ٹی آئی کا احتجاج، اسلام آباد کو مکمل طور پر سیل کرنے کا فیصلہ

09:32 PM, 3 Oct, 2024

(ویب ڈیسک ) ذرائع کا کہنا  ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے احتجاج  کے باعث  وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کو مکمل طور پر سیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق   احتجاج کو روکنے کے لیے   چھبیس نمبر چونگی ، ٹیکسلا کے مقام سے کنٹینرز لگا کر سیل کیا جائے گا ، فیض آباد ، سیکٹر آئی ایٹ، آئی جے پی ڈبل روڈ ، مارگلہ روڈ بھی کنٹینرز لگا کر بند کی جائے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ  سنگجانی فیض آباد، سیکٹر جی الیون چوک ، گولڑہ موڑ فلائی اوور اور انڈر پاس پر بھی کنٹینرز پہنچا دیے گئے ۔

ذرائع کے مطابق  ریڈ زون کے تمام داخلہ راستے کنٹینرز لگا کر بند کیے جائیں گے،  ریڈ زون کی سیکیورٹی کے لیے رینجرز کو تعینات کر دیا گیا  ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے 4 اکتوبر کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے ڈی چوک میں احتجاج کرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔ادھر وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور  نے بھی قافلے کے ساتھ ڈی چوک احتجاج میں شرکت کرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف نے مینار پاکستان جلسے کو احتجاج میں بدلنے کا پلان بنا لیا۔  5اکتوبر کو مینار پاکستان میں جلسہ نہیں احتجاج ہو گا۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ  جلسے کی ممکنہ طور پر اجازت نہ ملنے بعد احتجاج کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ادھر لاہور میں  پاکستان تحریک انصاف کے ممکنہ احتجاج  کے باعث  تحریک انصاف کے کارکنان کو قابو کرنے کی تیاریاں شروع  کر دی گئیں۔ انتظامیہ نے کنٹینرز کی پکڑ دھکڑ کا سلسلہ شروع  کر دیا  ہے۔

بھاٹی چوک اور گریٹر اقبال پارک پر کنٹینرز پہنچا دئے گئے  ، کنٹینرز روڈ کے ایک سائیڈ پر کھڑے کئے گئے  اور تاحال شہر میں ٹریفک معمول کے مطابق رواں دواں ہے۔

مزیدخبریں