ابھی بھی وقت ہے الیکشن کراؤ ، عمران خان
04:04 PM, 3 Sep, 2022
بہالپور: سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ دیوار کے ساتھ لگایا تو میں کارنرڈ ٹائیگر بن سکتا ہوں، ابھی بھی وقت ہے الیکشن کراؤ، اپنے آپ کو بھی بچاؤ اور ملک کو بھی بچاؤ۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے بہالپور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بہاولپور آکر مجھے بہت خوشی ہوئی ہے، ہماری قوم ایک زندہ قوم بن چکی ہے، یہ ایک عظیم قوم بننے جارہی ہے، اللہ نے میری قوم کو بیدار کر دیا ہے۔ عمران خان نے کہا کہ لوٹوں کے دن ختم ہوگئے ہیں، ساڑھے 3 سال حکومت میں بیٹھ کرعیاشی کرتا ہے اور پھر لوٹابن جاتا ہے، مجھ سے وعدہ کریں آپ نے اس لوٹے کو کبھی کامیاب ہونے نہیں دینا ہے، ضمیر فروشوں کے دن پرانے پاکستان میں رہ گئے۔ انہوں نے کہا کہ وعدہ کریں آپ نے کبھی اللہ کے سوا کسی کے سامنے نہیں جھکیں گے۔ شہباز شریف ساری قوم تو محنت کر رہی ہے، شہبا ز شریف چوری کر کے ساراپیسہ باہر لے کر جار ہے ہیں، پانامہ لیکس کے بعد پتہ چلا کہ لندن میں اربوں کے فلیٹس مریم نواز کے نام پرہیں۔ پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا تھا کہ میں آپ کو حقیقی آزادی کی تحریک کیلئے تیارکررہا ہوں، جب حکمران قوم کا پیسہ چوری کرتے ہیں تو ملک تباہ ہوجاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بلاول کا مہنگائی مارچ کانپیں ٹانگنے والا مارچ بن گیا، ان سے معیشت نہیں سنبھالی جا رہی۔ ملک کی معیشت سکڑ رہی ہے اور قرضے بڑھ رہے ہیں، یہ پاکستان کو اندھیرے کی طرف لے کر جا رہے ہیں۔ سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ چار مہینے ہر قسم کا ظلم برداشت کیا، میرے خلاف دہشتگردی کا کیس بنا دیا گیا، دیوار کے ساتھ لگایا تو میں کارنرڈ ٹائیگر بن سکتا ہوں، ابھی بھی وقت ہے الیکشن کراؤ، اپنے آپ کو بھی بچاؤ اور ملک کو بھی بچاؤ۔