لاہور کےمختلف علاقوں میں طوفانی بارش،نشیبی علاقے زیر آب،نالےاُبل پڑے

09:18 AM, 3 Sep, 2024

ویب ڈیسک: لاہور کے مختلف علاقوں میں رات گئے ہونے والی طوفانی بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے جبکہ متعدد علاقوں میں لیسکو کے فیڈرز ٹرپ ہونے سے بجلی کا نظام درہم برہم ہو گیا۔

 تفصیلا ت کے مطابق صوبائی دارالحکومت میں مسلم ٹاؤن، کلمہ چوک، جوہر ٹاؤن، ملتان چونگی،اعوان ٹاؤن،ٹھوکر،سکیم موڑ،یتیم خانہ،چوبرجی،بھاٹی، مزنگ سمیت کئی علاقوں میں موسلا دھار بارش ہوئی، شہر کی بیشتر سڑکیں اور گلیاں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں، نشتر ٹاؤن میں سب سے زیادہ 201 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

گلشن راوی میں 91، گلبرگ میں 86، لکشمی چوک میں 82 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، طوفانی بارشوں سے جل تھل ایک ہو گیا، بارشوں کا پانی لوگوں کے گھروں میں داخل ہونے سے انہیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

وزیراعلی ٰ پنجاب کی ہدایت پر ایم ڈی واسا نے کمشنر لاہور کے ہمراہ شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا، تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے نشیبی علاقوں کو فوری کلیئر کرنے کی ہدایت کی۔

ادھر فیصل آباد، شیخوپورہ، سیالکوٹ، سرگودھا سمیت پنجاب کے متعدد علاقوں میں بھی بارش ہوئی، کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

پی ڈی ایم اے نے طوفانی بارشوں کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے، ڈی جی پی ڈی ایم اے نے پنجاب بھر کے ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے متعلقہ محکمے الرٹ رہیں، صورتحال 24 گھنٹے مانیٹر کر رہے ہیں۔

دوسری جانب سندھ کے مختلف شہروں میں آج اور کل بارش کا امکان ہے جبکہ خیبر پختونخوا میں آئندہ2 روز میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

خیبرپختونخوا

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ گلیات، ملاکنڈ اور میر پور آزاد کشمیر میں بھی بادل برس پڑے، چھانگلہ، نتھیا گلی، ایوبیہ سمیت ملکہ کوہسار میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش نے رنگ جما دیا، قلات اور گردونواح میں موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے اور ندی نالوں میں طغیانی کی صورتحال ہے۔

گلیات، مانسہرہ، ایبٹ آباد، چترال، دیر، سوات کے ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے جبکہ ڈیرہ غازی خان اور راجن پور کے پہاڑی ندی نالوں میں سیلابی صورتحال متوقع ہے۔ 

 خیبرپختونخوا اور پنجاب کو ملانے والی این 65 ہائی وے کئی مقامات پر سیلاب سے متاثر ہوئی ہے جس سے زیارت، قلعہ عبداللہ اور پشین اضلاع میں پریشان کن صورتحال ہے۔

پشین میں بلوزئی چیک ڈیم شگاف پڑنے کے بعد ٹوٹ گیا، سیلابی ریلے پل اور کئی رابطہ سڑکیں بہا لے گئے۔

دوسری جانب ہرنائی میں شدید بارشوں اور سیلابی ریلے سے سروتی حفاظتی بند کئی جگہوں سے ٹوٹ گیا جبکہ ریلوے پٹری کو بھی نقصان پہنچا ہے، زیارت میں پیچی ڈیم بھرگیا، سپل ویز سے پانی کا اخراج جاری ہے۔ 

بلوچستان

بلوچستان کے علاقے قلعہ سیف اللہ کے پہاڑی علاقوں میں کلاؤڈ برسٹ کے باعث طوفانی بارش نے تباہی مچادی۔مسلسل بارش کی وجہ سے قلعہ سیف اللہ کے پہاڑی علاقوں میں انتہائی اونچے درجے کے سیلابی ریلے قریبی آبادیوں، فصلوں اور باغات میں داخل ہو گئے جس سے بڑے پیمانے پر نقصانات کا سامنا ہے۔

سیلابی ریلے آبادی میں آنے کے بعد بڑی تعداد میں لوگ بے گھر ہوگئے۔

بلوچستان میں اموات کی تعداد34ہوگئی

ژوب کی تحصیل کاکڑ خراسان میں2 بچے برساتی ریلے میں بہہ کر جاں بحق ہو گئے، بلوچستان میں مون سون بارشوں میں اموات کی تعداد34 ہو گئی ہے جبکہ مرنے والوں میں2 خواتین اور19 بچے بھی شامل ہیں۔

مون سون بارشیں/ دریاؤں کی صورتحال 

ترجمان پی ڈی ایم اے  کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں میں پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کا امکان ہے،مون سون بارشوں کا سپیل 4 ستمبر تک جاری رہنے کی پیشگوئی ہے ،بالائی علاقوں میں بارشوں کے باعث دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا خدشہ ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے  کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں لاہور 50 ملی میٹر نارووال 68 سیالکوٹ 55 گجرانوالہ 41 اٹک 37 مری 33 اور  حافظ آباد میں  23 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی،ڈیرہ غازی خان 60 ملی میٹر گجرات 18 اور جہلم منگلا اٹک منڈی بہاوالدین چکوال راولپنڈی کوٹ ادو اور جوہرآباد اور بہاولپور میں بھی بارش ریکارڈ کی گئی ۔4 ستمبر تک دریائے جہلم اپ سٹریم میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا خدشہ ہے۔

پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ دریائے سندھ میں نچلے درجے کے سیلاب جبکہ دریائے چناب اور راوی سے ملحقہ ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے،پنجاب کے تمام دریاؤں و ندی نالوں میں فی الحال پانی کا بہاؤ نارمل سطح پر ہے۔دریائے سندھ چناب راوی جہلم اور ستلج میں پانی کا بہاؤ نارمل لیول پر ہے ۔ ڈیرہ غازی خان ووڈور اور سوری لنڈ رود کوہی میں  درمیانے درجے کا سیلاب ہے۔منگلا ڈیم میں پانی کی سطح 80 فیصد ،تربیلا ڈیم میں 100 فیصد ہے ۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے کا مزید کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے پیش نظر پی ڈی ایم اے و متعلقہ ادارے الرٹ ہیں۔شہریوں کے تحفظ کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں ۔عوام الناس سے التماس ہے کہ مون سون بارشوں کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ایمرجنسی کی صورت میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔

مزیدخبریں