وزیرخزانہ محمد اورنگزیب کاتاجروں کو ٹیکس چھوٹ دینےسےصاف انکار

03:16 PM, 3 Sep, 2024

ویب ڈیسک: وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے تاجروں کو ٹیکس چھوٹ دینے سے صاف انکار کردیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ نے کہا کہ آئی ایم ایف کو ٹارگٹڈ سبسڈی پر اعتراض نہیں ہے، بی آئی ایس پی کے ذریعے مستحق طبقے کو سبسڈی دی جاسکتی ہے، اس حوالے سے رواں ہفتے وزرائے اعلیٰ سے بات چیت ہوگی اور ملک بھر میں یکساں پالیسی نافذ ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی سیکرٹری خزانہ بھی صوبائی سیکرٹری سے بات چیت کریں گے جبکہ اسی مہینے صوبوں سے مل کر قومی مالیاتی معاہدہ تیار کیا جائے گا۔

 وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ بیرونی فنانسنگ کا 2 ارب ڈالر کا گیپ ہے، اسے پورا کرنے کے لئے ایڈوانس سطح پربات چیت جاری ہے، کمرشل لون کے لئے اس وقت معاہدہ ہونا ضروری ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ قرض رول اوور کے لئے بات چیت حتمی مرحلے میں ہے اورمثبت انداز میں چل رہی ہے، دوست ممالک کے متعلقہ ادارے جلد اپنی حکومتوں کو اس بار ے میں آگاہ کریں گے۔

محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ایف بی آر کا ٹیکس وصولیوں کا ہدف ڈیجیٹلائزیشن اور انفورسمنٹ سے پورا کریں گے، اس وقت ودہولڈنگ ٹیکس میں اضافے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں جبکہ تاجروں کو ہر سہولت دیں گے اور ان کے جائز مطالبات مانیں گے مگر تاجروں پر عائد ٹیکس واپس لینے کا مطلب ہے کہ ٹیکس تنخواہ دار اور مینوفیکچرنگ سیکٹر سے لیا جائے، ایسا نہیں ہوسکتا، سوسائٹی کے ہر شعبے کو ٹیکس اداکرنا ہوگا کیونکہ اس کے بغیر ملک ترقی نہیں کرسکتا۔

مزیدخبریں