وزیر اعظم نے پاکستان کو کیسے معاشی استحکام بخشا ؟
08:30 AM, 4 Apr, 2021
اسلام آباد ( پبلک نیوز) وزیر اعظم عمران خان نے پاکستانی عوام سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ حماد اظہر کو دعوت دی کہ وہ بتائیں کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے کیسے پاکستان کو معاشی بحران میں سے نکالا ہے ٗ وفاقی وزیر خزانہ حماد اظہر نے کہا کہ جب2018 میں ہم نے حکومت سنبھالی تو ملک کے معاشی انڈیکیٹرز اس صورتحال میں تھے کہ ہم میڈیا میں جاکرلوگوں کو بتا نہیں سکتے تھے۔ حماد اظہر نے انکشاف کیا کہ جب پی ٹی آئی نے حکومت سنبھالی تو اگر ہم معاشی حقیقت بتا دیتے تو کرنسی مارکیٹس ٗ سٹاک مارکیٹ میں ایک افراتفری کا عالم ہو جاتا ٗ صورتحال یہ تھی کہ ملک دیوالیہ ہونے کے قریب تھا ٗ فارن ایکسچینج ریزرو ہمارے تقریبا ختم ہو گئے تھے اور جو سات آٹھ ارب نظر بھی آرہے تھے سٹیٹ بنک میں وہ بھی چھوٹی مدت کے قرضے تھے۔اس صورتحال میں ہمیں سخت فیصلے کرنے پڑے ٗ کرنسی کو ہمیں ڈی ویلیو کرنا پڑا ٗ کیونکہ اگر ہم ایسا نہ کرتے تو ہمارے پاس پانچ سو ملین ڈالر ماہانہ نہیں تھے اور ہم نے ڈیفالٹ کر جانا تھا ٗ پھر ہمیں انٹرسٹ ریٹ بھی بڑھانا پڑا ٗ لیکن پھر ایک سال بعد ہمیں ان سخت فیصلوں کا نتیجہ نظر آنا شروع ہو گیا ۔ہمیں تاریخ کا سب سے بڑا کرنٹ اکائونٹ خسارہ ملا تھا ٗ وہ پاکستان کی تاریخ میں 17 سال کے بعد سرپلس میں گیا ٗ اس کے بعد عالمی ادارے جنہوں نے آپ کے وزیر اعظم بننے سے پہلے معیشت کو ڈائون گریڈ کیا تھا انہوں نے آپ کے ایک سال کے حکومت سنبھالنے کے بعد پاکستان کو اپ گریڈ کرنا شروع کردیا ٗ ایک دو نے نہیں ٗ تین چار عالمی اداروں نے۔