صدر مملکت نے نگران وزیراعظم کیلئے خط لکھ دیا

07:56 AM, 4 Apr, 2022

احمد علی
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے نگران وزیراعظم اور سیٹ اپ کیلئے قائد حزب اختلاف شہباز شریف اور وزیراعظم عمران خان کو خط لکھ دیا ہے۔ صدر مملکت نے دونوں شخصیات کو یہ خط آئین کے آرٹیکل 224 (ون اے) کے تحت نگراں وزیراعظم کی تقرری کے لیے موزوں شخص کی تجویز کیلئے لکھا۔ خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ دونوں رہنما اگر قومی اسمبلی کی تحلیل کے تین دن کے اندر اندر کسی شخص پر متفق نہ ہوں تو دو، دو نام سپیکر قومی اسمبلی کی تشکیل کردہ کمیٹی کو بھیجنا ہوں گے۔ خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ سپیکر کی تشکیل کردہ کمیٹی کے کل آٹھ ممبران ہوں گے، حکومت اور اپوزیشن سے برابر نمائندگی ہوگی۔ کمیٹی کے ممبران کی نامزدگی وزیر اعظم اور قائد حزب اختلاف کریں گے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ موجودہ وزیراعظم عمران خان آئین کے آرٹیکل 224 (اے 4) کے تحت نگران وزیراعظم کی تقرری تک اپنی ذمہ داریاں ادا کرتے رہیں گے۔ آئین پاکستان کا آرٹیکل 224 (1 اے) صدر مملکت کو وزیر اعظم اور قائد حزب اختلاف کی مشاورت سے نگران وزیراعظم کی تقرری کا اختیار دیتا ہے۔
مزیدخبریں