ڈپٹی سپیکر نے وزیر اعظم کی ایما پرغیر آئینی رولنگ دی

01:53 PM, 4 Apr, 2022

احمد علی
اسلام آباد: مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ ڈپٹی سپیکر نے وزیر اعظم کی ایما پرغیر آئینی رولنگ دی ، ایک بیان کے نتیجے میں اور اپوزیشن کی رائے کے بغیر کاروائی ملتوی کردیا۔ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ ( پی ڈی ایم ) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے پریس کانفرنس میں کہا کہ ملک میں آئینی بحران برپا کردیا گیا ہے ، ڈپٹی سپیکر نے وزیر اعظم کی ایما پرغیر آئینی رولنگ دی ، ایک بیان کے نتیجے میں اور اپوزیشن کی رائے کے بغیر کاروائی ملتوی کردی، ظلم بالائے ظلم عمران خان نے اسمبلی تحلیل کردی اور صدر نے بھی حکم جاری کردیا،اس وقت قوم بحران میں یرغمال بن چکی ہے۔ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ سپریم کورٹ سے استدعا ہے کہ ڈپٹی سپیکر کی رولنگ کالعدم دی جائے، ارکان اسمبلی کو ووٹ اور نیا وزیر اعظم چننے کا حق دیا جائے ، پارلیمنٹ کی اکثریت رائے رکھتی ہے کہ سابقہ الیکشن میں دھاندلی ہوئی ،انتخابی اصلاحات کی جائیں پھر الیکشن کرائے جائیں ،یہ دوسری مرتبہ دھاندلی سے آنے کا راستہ ہموار کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے مفروضے اور بدنیتی پر ڈپٹی سپیکر کی رولنگ کو استعمال کیا گیا ، اگر ڈپٹی سپیکر کی رولنگ کو کالعدم قرار نہیں دیا جاتا تو پھر 197ارکان کی وفاداری مشکوک ہوجاتی ہے، آج یہ سب ایک کنبے کی طرح ایک دوسرے کو سہارا دے رہے ہیں ۔ایک بار پھر خط کے پیچھے چھپنے کی کوشش کرتے ہو، قومی سلامتی کمیٹی اس سازش کو مسترد کرچکی ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ عمران خان اب تم خط کے ذریعے ہیرو نہیں بن سکتے ، صدر بھی سن لیں پارلیمان آپ کا بھی مواخذہ کرسکتی ہے ۔
مزیدخبریں