عمران خان کی 3 مقدمات میں 13 اپریل تک عبوری ضمانت میں توسیع کر دی گئی

11:32 AM, 4 Apr, 2023

احمد علی
لاہور: لاہور کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے جلاؤ گھیراؤ ،پولیس پر تشدد اور ظل شاہ قتل کیس کے مقدمے میں عمران خان کی 3 مقدمات میں 13 اپریل تک عبوری ضمانت میں توسیع کر دی ہے . تفصیلات کے مطابق انسددا دہشت گردی کی خصوصی عدالت کی جانب سے طلب کیے جانے پر سابق وزیر اعظم عمران خان عدالت میں پیش ہو گئے جہاں ان کی3 مقدمات میں ضمانت میں توسیع ہوگئی ہے ۔اس سے قبل لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت (اے ٹی سی) نےپی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کی تین مقدمات میں حاضری معافی کی درخواست مسترد کرتے ہوئے انہیں 11 بجے پیش ہونے کا حکم دیا تھا۔ چیئرمین تحریک انصاف کی 3 مقدمات میں عبوری ضمانتوں کی درخواست پر سماعت ہوئی ہے ، درخواست کی سماعت انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کی ایڈمن جج عبہر گل خان بطور ڈیوٹی جج نے کی۔ عمران خان کی جانب سے ان کے وکلاء نے دلائل دئیے ہیں کہ عمران خان کا کیس متعلقہ عدالت میں زیر سماعت ہے، متعلقہ جج رخصت پر ہیں ، عمران خان سکیورٹی خدشات کی وجہ سے پیش نہیں ہوسکتے، وہ آج پیش نہ بھی ہوں تو کوئی حرج نہیں۔ عدالت نے پوچھا کہ عمران خان کہاں ہیں، ابھی تک مچلکے بھی جمع نہیں کروائے آپ نے، آپ مجھے بتا دیں عمران خان نے آنا ہے کہ نہیں، ہاں یا ناں میں بتائیں، جو عدالت آئے گا اسی کو ریلف ملے گا۔ وکیل سابق وزیراعظم نے کہا کہ عمران خان دور نہیں ہیں آجائیں گے، جس پر عدالت کا کہنا تھا کہ سابق وزیر اعظم عمران خان 11 بجے تک پہنچ جائیں، اگر عمران خان نہ آئے تو قانون کے مطابق فیصلہ دیا جائے گا۔

پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی 3 مقدمات میں حاضری معافی کی درخواست اس سے قبل لاہور کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں سابق وزیر اعظم و پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی 3 مقدمات میں حاضری معافی کی درخواست دائر کی گئی تھی ۔

عمران خان نے بیرسٹر سلمان صفدر کے ذریعے انسداد دہشت گردی عدالت لاہور میں 3 مقدمات میں حاضری معافی کی درخواست جمع کرائی تھی ۔ عمران خان کے وکلاء کا کہنا تھا کہ عمران خان کا کیس زیر سماعت ہے ، متعلقہ عدالت کے جج اعجاز احمد بٹر رخصت پر ہیں، وہ سکیورٹی خدشات کی وجہ سے پیش نہیں ہوسکتے ہیں ، عمران خان آج پیش نہ بھی ہوں تو کوئی حرج نہیں ہے ۔ درخواست پر سماعت انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کی ڈیوٹی جج نے کی، جس میں پی ٹی آئی کے چیئرمین کی جانب سے وکیل نے دلائل دئیے کہ عمران خان کو شدید ترین سکیورٹی خطرات لاحق ہوسکتے ہیں ۔عدالت نے استفسار کیا ہے کہ آپ صرف یہ بتائیں کہ عمران خان عدالت میں پیش ہوں گے یا پھر نہیں ؟، جس پر وکیل کا کہنا تھا کہ 2 سابق وزرائے اعظم کا قتل ہوچکا ہے، ہمیں ڈیڑھ بجے کا وقت دیں، عمران خان پیش ہوجائیں گے۔ عدالت نے حکم دیا ہے کہ عمران خان 11 بجے تک پیش ہوں، 11 بجے کیس دوبارہ سنیں گے ، اگر عمران خان پیش ہوئے تو ٹھیک ہے ورنہ قانون کے مطابق فیصلہ کردیں گے ، عدالت نے ریمارکس دئیے کہ ریلیف اسے ہی ملے گا جو عدالت میں پیش ہوگا۔ دریں اثنا انسداد دہشت گردی عدالت نے عدم پیروی کی بنیاد پر پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) رہنما حماد اظہر کی عبوری درخواست ضمانت بھی مسترد کردی تھی ۔
مزیدخبریں