پیپلزپارٹی کے بانی چیئرمین ،سابق وزیراعظم ذوالفقارعلی بھٹو کی آج 44 ویں برسی

11:54 AM, 4 Apr, 2023

احمد علی
پیپلزپارٹی کے بانی چیئرمین اور سابق وزیراعظم ذوالفقارعلی بھٹو کی 44 ویں برسی آج منائی جا رہی ہے، شہید قائد عوام کی برسی کی مرکزی تقریب گڑھی خدا بخش بھٹو میں ہو گی ۔ ذوالفقار علی بھٹو کی 44 ویں برسی کے حوالے سے تقریبات کا آغاز گڑھی خدا بخش میں ان کی قبر پر تلاوت کلام پاک سے کیا جائے گا ، جس کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی جائے گی اور مرحوم کی روح کے ایصال ثواب کیلئے خصوصی دعا بھی کر وائی جائے گی ۔ رمضان المبارک کے مقدس مہینے کی وجہ سے برسی کے سلسلے میں جلسہ عام رات 9 بجے گڑھی خدا بخش میں مزار بھٹو کے باہر سے شروع ہوگا جس سے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور دیگر پارٹی رہنما خطاب بھی کریں گے۔ ذوالفقار علی بھٹو 5 جنوری 1928 کو لاڑکانہ میں پیدا ہوئے، ان کے انہوں نے ابتدائی تعلیم بمبئی میں حاصل کی، بعدازاں بارکلے اور آکسفورڈ یونیورسٹی سے پولیٹیکل سائنس کی اعلیٰ تعلیم کے بعد لنکن ان سے وکالت پاس کی، 1953ء میں کراچی واپس آئے اور قانون کے لیکچرار رہے ، ساتھ ہی وکالت بھی جاری رکھی ۔ سابق وزیر اعظم نے 1967 میں پاکستان پیپلز پارٹی کی بنیاد رکھی تھی، 1971 سے 1973 تک پاکستان کے چوتھے صدر کے طور پر خدمات انجام دیں، 1973 میں پارلیمنٹ سے متفقہ طور پر نئے آئین کی منظوری کے بعد وہ 14 اگست 1973 کو پاکستان کے وزیر اعظم بنے۔ 5 جولائی 1977 کو بھٹو کو معزول کر دیا گیا تھا اور سابق وزیر اعظم کو 1979 میں سپریم کورٹ کے ذریعے متنازعہ مقدمہ چلا کر پھانسی دے دی گئی تھی .
مزیدخبریں