9 مئی واقعات: عمران خان کی 3 مقدمات میں عبوری ضمانت میں توسیع کردی گئی

01:25 PM, 4 Apr, 2024

ویب ڈیسک: لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی کے 3 مقدمات میں پاکستان تحریک انصاف کے سابق چیئرمین عمران خان کی عبوری ضمانت میں 18 اپریل تک توسیع کردی۔

انسداد دہشت گردی عدالت لاہور میں جناح ہاؤس حملہ، عسکری ٹاور حملہ اور تھانہ شادمان نذر آتش کرنے کے مقدمات میں عمران خان کی عبوری ضمانتوں پر سماعت ہوئی۔

انسداد دہشت گردی عدالت کے ڈیوٹی جج ارشد جاوید نے تینوں مقدمات کی سماعت کی جبکہ عمران خان کے جونیئر وکلاء کی ٹیم عدالت میں پیش ہوئی۔

دوران سماعت عدالت نے ملزم کی اڈیالہ جیل سے ویڈیو لنک پر حاضری مکمل کرانے کا حکم دیا اور سابق چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر سے دلائل طلب کر لیے۔

سابق وزیراعظم کی وکلاء ٹیم نے کہا کہ سینئر وکیل بیرسٹر سلمان صفدر مصروف ہیں مہلت دی جائے، جس پر عدالت نے عمران خان کی 3 مقدمات میں عبوری ضمانت میں 18 اپریل تک توسیع کردی۔

یاد رہے کہ 4 مقدمات میں سابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی حاضری کے بغیر میرٹ پر فیصلہ ہو چکا ہے۔

مزیدخبریں