بشری بی بی کے کھانے میں زہر ملایا گیا تھا، عمرایوب کا انکشاف

04:07 PM, 4 Apr, 2024

ویب ڈیسک: رہنما تحریک انصاف اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمرایوب نے تہکہ خیز بیان دیتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو جیل میں زہر دیا گیا ہے۔

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیراعظم عمران خان سے پی ٹی آئی رہنماؤں نے ملاقات کی ہے۔ جس دوران انہوں نے اہم پیغام جاری کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق عمر ایوب، اسد قیصر اور شبلی فراز نے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کی ہے۔ جس دوران عمرایوب کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی سے تفصیلی ملاقات ہوئی ہے۔

بانی پی ٹی آئی کا پیغام ہے کہ ہمیں چرائے ہوئے مینڈیٹ کیلئے جدوجہد جاری رکھنی ہے۔ بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ وہ عدلیہ کی آزادی کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ہم 6 ججز کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ججز پر دباؤ بانی پی ٹی آئی کے خلاف فیصلوں کے لئے ڈالا گیا۔ سپریم جوڈیشل کونسل اس معاملہ پر فل کورٹ بنا کر اس معاملہ کی سماعت کرے۔

انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ سپریم کورٹ فل بنچ بناکر ججز کے خط کی تحقیقات کرے گی۔ ججز کو دھمکی آمیز خطوط پر بانی پی ٹی آئی نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔

عمرایوب نے بتایا کہ بشریٰ بی بی بانی پی ٹی آئی کی طاقت ہے۔ ان کے ساتھ کھڑی ہیں۔ بشری بی بی کے کھانے میں زہر ملایا گیا تھا ان کا ٹیسٹ ہونا ہے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ عید کے بعد ہم اپنی تحریک شروع کررہے ہیں۔ ہم نے گرینڈ الائنس کو حتمی شکل دے دی ہے۔ ہمارا پولیٹکل الائنس بن چکا ہے جسکا جلسہ عید کے بعد ہو گا۔

بانی پی ٹی آئی کی صوابدید ہے کہ وہ کس پلیئر کو کس وقت کہاں فیلڈنگ دیں۔

اسد قیصر کی گفتگو:

سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ عید کے بعد پھر تحریک شروع کرنے جارہے ہیں۔ ہم اگلی میٹنگ کوئٹہ میں کریں گے۔ جہاں سے جلسوں کا شیڈول دینگے۔ پاکستان میں آئین اور قانون کی بالا دستی چاہتے ہیں۔ پاکستان کو بنانا ریپبلک بنا دیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس آف پاکستان کا کردار موجودہ صورت حال میں اہم ہے۔ سینٹ میں ہمارے الیکشن کو ملتوی کیا گیا۔ کے پی نے ایک جماعت کو بھاری مینڈیٹ دیا ہے۔ کیا یہ اسکی سزا دی جارہی ہے؟ 

انہوں نے کہا کہ بشری بی بی کے معاملہ پر جو پراپیگنڈہ کیا جارہا ہے۔ اس کی مذمت کرتے ہیں۔ وہ لوگ بشری بی بی کے خلاف کمپین چلا رہے ہیں جو عمران خان کے کاز کے خلاف ہیں۔

شبلی فراز کی گفتگو: 

شبلی فراز نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کو ملک بھر کے عوام نے مینڈیٹ دیا جسے چوری کرلیا گیا۔ مینڈیٹ کی حفاظت کے لئے اب ہم نے جدوجہد کرنی ہے۔ فارم 47 کے لوگوں کو مسند اقدار پر بٹھا دیا گیا جس سے جمہوریت کو فائدہ نہیں ہوگا۔ ملک میں مہنگائی کا طوفان ہے۔ ملک یہ افورڈ نہیں کر سکتا کہ وہ کسی افراتفری کا شکار ہو جائے۔

شاہ فرمان کی میڈیا سے گفتگو: 

شاہ فرمان نے میدیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت سے محروم ہو گئی لیکن بڑا نقصان یہ ہے کہ ریاست کمزور ہوگئی۔ میں نے کبھی یہ نہیں کہا کہ پارٹی یا سیاست چھوڑی ہے۔

مزیدخبریں