نومنتخب امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن کون ہیں؟

10:32 PM, 4 Apr, 2024

حیدر منیر

(حیدر مینر) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن 1972 میں حیدرآباد، سندھ میں ایک متوسط طبقے کے گھرانے میں پیدا ہوئے ،ان کے والدین کا آبائی تعلق علی گڑھ سے تھا، سن 2013 میں انہیں جماعت اسلامی کراچی کا امیر پہلی مرتبہ منتخب کیا گیا۔

پیدائش اور خاندانی پس منظر
 نومنتخب امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن کے چار بھائی اور  اور تین بہنیں ہیں،  وہ نارتھ ناظم آباد ، بلاک A میں ایک  کرائے کے مکان میں رہتے ہیں، حافظ نعیم الرحمن کے ماشاءاللہ، تین بیٹے اور ایک بیٹی ہے، دو بیٹے حافظ قرآن بھی ہیں ۔حافظ نعیم الرحمان کی بیگم ، شمائلہ نعیم ڈاکٹر ہیں اور جماعت اسلامی کی فعال رکن ہیں ۔

تعلیم

حافظ نعیم الرحمٰن نے جامع مسجد دارالعلوم،  لطیف آباد، یونٹ 10 سے حفظ کیا ، ابتدائی تعلیم نورالاسلام پرائمری اسکول، حیدرآباد سے حاصل کی اور میٹرک علامہ اقبال ہائی اسکول سے کیا، حیدرآباد سے میٹرک کے بعد حافظ نعیم الرحمٰن کی فیملی کراچی منتقل ہوگئی ،انہوں نے پاکستان شپ اونرز کالج سے انٹرمیڈیٹ کیا ، انہوں نے ملک کی معروف درس گاہ این ای ڈی یونیورسٹی سے بی ای سول انجینئرنگ میں کیا ،بعد ازاں انہوں نے کراچی یونیورسٹی سے اسلامک ہسٹری میں ماسٹرز بھی کیا ہے۔

اسلامی جمعیت طلبہ سے تعلق

 زمانہ طالب علمی میں اسلامی جمعیت طلبہ سے وابستہ ہوئے اور ایک فعال اور متحرک طالب علم رہنما کے طور پر اپنی شناخت منوانے میں کامیاب ہوئے،طلباء حقوق کے لیے آواز اٹھانے پر وہ گرفتار بھی ہوئے اور مختلف مواقع پر تین بار جیل کاٹی، اسلامی جمعیت طلبہ کراچی اور پھر صوبہ سندھ جمعیت کے ناظم بھی رہے، انہیں 1998 میں اسلامی جمعیت طلبہ کا ناظم اعلیٰ یعنی مرکزی صدر منتخب کیا گیا،حافظ نعیم الرحمان دو سال اسلامی جمعیت طلبہ کے ناظم اعلیٰ رہے،

جماعت اسلامی سے وابستگی

 اسلامی جمعیت طلبہ سے فراغت کے بعد انہوں نے جماعت اسلامی میں شمولیت اختیار کی اور عملی سیاست میں قدم رکھا ،  سن 2001 کے شہری حکومتوں کے انتخابات میں انہوں نے ضلع وسطی کراچی کی ایک یونین کونسل سے نائب ناظم کا الیکشن لڑے اور کامیاب ہوئے، حافظ نعیم الرحمٰن لیاقت آباد زون کے امیر جماعت اسلامی، ضلع وسطی کے نائب امیر، کراچی جماعت اسلامی کے جنرل سیکرٹری اور نائب امیر بھی رہے سن 2013 میں انہیں جماعت اسلامی کراچی کا امیر پہلی مرتبہ منتخب کیا گیا۔

پیش ورانہ خدمات
حافظ نعیم الرحمان پیشے کے اعتبار سے انجینئر ہیں اور ایک نجی کمپنی سے منسلک ہیں، ان کی کمپنی کو اعلی کوالٹی کی خدمات کے پیش نظر ایوارڈ بھی دئیے گئے

دیگر دلچسپیاں

حافظ نعیم الرحمٰن نہ صرف کرکٹ میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں بلکہ شعر و ادب کے بھی دلدادہ ہیں،علامہ اقبال کے اردو اور فارسی کلام پہ گہری نظر ہے، وہ حافظ قرآن ہیں ، اردو اور انگریزی پر عبور رکھتے ہیں ۔
 مسحور کن قرآت اور دلگداز نعت خوانی ان کا پوشیدہ وصف ہے،چین ، ترکی ، متحدہعربامارات،  بنگلہ دیش،برطانیہ، جاپان ، قطر اور سعودی عرب سمیت مختلف ممالک کے دورے کر چکے ہیں ۔

مزیدخبریں