امریکی صدر کا وزیر اعظم کو ٹیلی فون نہ کرنا سمجھ سے بالاتر

10:09 AM, 4 Aug, 2021

اویس
واشنگٹن ( ویب ڈیسک ) قومی سلامتی کے مشیر معید یوسف نے کہا ہے کہ امریکی صدر کی طرف سے وزیر اعظم عمران خان کو ابھی تک ٹیلی فون نہ کرنا سمجھ سے بالاتر ہے اور اب امریکہ پر کوئی اعتبار نہیں رہا کیوں کہ کئی بار کہا گیا کہ ٹیلی فون کیا جائے گا مگر کوئی رابطہ نہیں کیا گیا۔ ایک امریکی میگزین کو دئیے جانے والے انٹرویو میں مشیر قومی سلامتی معید یوسف نے کہا کہ پاکستان جیسے اہم ملک کے وزیر اعظم کو ابھی تک امریکی صدر کی طرف سے ٹیلی فون نہ کئے جانا سمجھ سے بالاتر ہے، جب بھی یہ معاملہ اٹھایا جاتا ہے کہ امریکی انتظامیہ ہر بار یہ کہہ دیتی ہے کہ جلد فون کیا جائیگا لیکن ابھی تک فون نہیں آیا۔ اس کی کوئی تکنیکی وجہ ہو یا کوئی اور بات ، سچ تو یہ ہے کہ اب امریکہ پر کوئی اعتبار نہیں رہا ۔ معید یوسف نے کہا کہ اگر ٹیلی فون پر رابطہ کرنا یا پھر سکیورٹی تعلقات میں پیش رفت کسی رعایت کے زمرے میں آتے ہیں تو یہ بات یاد رکھی جائے کہ پاکستان کے پاس بھی بہت سی آپشنز ہیں، امریکی جریدہ نے معید یوسف کے ساتھ اس انٹرویو کے ساتھ یہ رواں تبصرہ بھی کیا کہ معید یوسف نے واضح نہیں کیا کہ پاکستان کے پاس دیگر کون سی آپشنز ہیں ؟ امریکی جریدے نے لکھا کہ ان کی امریکی سنیئر حکام سے ٹیلی فون کے معاملہ میں بات ہوئی ہے اور اس حوالے سے امریکی حکام کا کہنا ہے کہ امریکی صدر جوبائیڈن نے اپنی حلف برداری کے بعد سے اب تک بہت سے عالمی رہنماؤں کو ٹیلی فون نہیں کیا ہے، جب مناسب وقت آئے گا تو وزیر اعظم عمران خان سے ٹیلی فون پر رابطہ کر لیا جائے گا۔
مزیدخبریں