نومنتخب وزیراعظم آزاد کشمیر عبدالقیوم نیازی کون ہیں؟
11:28 AM, 4 Aug, 2021
مظفر آباد(پبلک نیوز)نو منتخب وزیراعظم آزاد کشمیر عبدالقیوم نیازی نے عہدے کا حلف اُٹھا لیا ۔صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان نے حلف لیا. نومنتخب وزیر اعظم آزاد کشمیر عبدالقیوم نیازی نے آزادکشمیر کے 14 ویں وزیر اعظم کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا۔ صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان نے نو منتخب وزیر اعظم سے حلف لیا. حلف برداری کی تقریب ایوان صدر مظفرآباد میں ہوئی.تقریب حلف برداری میں وزیر امور کشمیر علی امین گنڈا پور ممبران اسمبلی سپیکر آزاد کشمیر اسمبلی مختلف محکمہ جات کے سربراہان سمیت اعلی سول حکام نے شرکت کی. عبدالقیوم نیازی کون ہیں؟ نومنتخب وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی کا تعلق ضلع پونچھ عباسپور کے سیز فائر لائن پر واقع درہ شیر خان گائوں سے ہے۔تعلیمی اعتبار سے گریجویٹ ہیں۔ان کے بڑے بھائی سردار غلام مصطفی مسلم کانفرنس کے دور حکومت میں وزیر مال رہ چکے ہیں۔پی ٹی آئی میں شامل ہونے سے قبل ان کا خاندان ہمیشہ سے مسلم کانفرنس میں رہا، سردار عبدالقیوم نیازی مسلم کانفرنس کو چھوڑ کر تحریک انصاف کا حصہ بنے تھے۔ سیز فائرلائن پر واقع حلقہ ایل اے 18 پونچھ سے 24ہزار سے زائد ووٹ لیکردوسری بار رکن اسمبلی منتخب ہوئے۔مسلم کانفرنس کے دور حکومت 2006تا 2011ء میں سردار عتیق احمد خان کی کابینہ میں خوراک ،جنگلات اور جیل خانہ جات محکموں کے وزیر رہے۔ سردار عبدالقیوم نیازی کے وزیر اعظم منتخب ہونے کی اطلاع ملتے ہی حلقہ انتخاب کے علاقوں درہ شیرخان،تتہ پانی،منڈہول اور عباسپور میں جشن کا سماں دیکھنے میں آیا۔کارکنان سڑکوں پر نکل آئے اور ڈھول کی تھاپ پر رقص کیا۔