’مجھے فخر ہے شہداء کے خاندان اپنے سپوتوں کی شہادت پر فخر کرتے ہیں‘
04:07 PM, 4 Aug, 2021
اسلام آباد ( پبلک نیوز) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پولیس کی بے پناہ قربانیوں اور انکے مسائل کا ادراک ہے۔ پاکستان کی افواج اور پولیس نے پاکستان کو قائم رکھنے کیلئے اپنا خون پیش کیا۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کا یوم شہدائے پولیس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگلے کچھ مہینوں میں سیکیورٹی چیلنجز کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے اور ہمیں چوکنا رہنے کی ضرورت ہے۔ بھارت پاکستان کا امن برباد کرنے کے در پر ہے اور لاہور واقعے میں بھی بھارت ملوث تھا۔ میں شہداء کے خاندانوں کے ساتھ ٹیلی فون پر رابطہ رکھنے کی کوشش کرتا ہوں اور ان کے غم میں شریک ہوتا ہوں۔ صدر مملکت کا کہنا تھا کہ مجھے فخر ہے کہ شہداء کے خاندان اپنے سپوتوں کی شہادت پر فخر کرتے ہیں۔ دُنیا کی سپر پاورز بھی دہشت گردی پر قابو نہ پا سکیں مگر پاکستان نے تن تنہا اس چیلنج پر قابو پایا۔ پولیس جرائم پیشہ افراد کے خلاف ہراول دستہ ہیں۔ پولیس کی استعداد کار بڑھانے کیلئے سرمایہ کاری کی جارہی ہے اور ٹیکنالوجی کے استعمال سے جرائم اور دہشتگردی کے واقعات پر قابو پایا جاسکتا ہے۔ صدر مملکت نے مزید کہا کہ اسلام آباد پولیس کے زخمی اہلکاروں کو بہترین علاج کی سہولیات فراہم کی جائیں۔ پولیس کے شہداء کے لواحقین کو مالی امداد اور بچوں کو نوکریاں دینے پر اسلام آباد پولیس لائق تحسین ہے، شہید قوم کو نئی زندگی دیتے ہیں اور شہداء کے بچوں کی تعلیم کی ذمے داری ریاست کو اٹھانی چاہئے۔ پاکستان نے درست فیصلوں کی بدولت کورونا پر قابو پایا اور بھارت کے برعکس پاکستان میں حالات بہتر رہے۔ کرپشن قوم کو گھن کی طرح کھا جاتی ہے اور پاکستان ایماندار قیادت کی بدولت ہی ترقی کرسکتا ہے۔