نگران سیٹ اپ پر مشاورت، وزیراعظم نے اتحادیوں کا اجلاس طلب کر لیا
12:51 PM, 4 Aug, 2023
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے نگران سیٹ اپ کی تشکیل پر اتحادی جماعتوں کا اجلاس بلا لیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی سربراہی میں نگران سیٹ اپ کی تشکیل پر اتحادی جماعتوں کا اجلاس کچھ دیر میں ویڈیو لنک پر ہوگا کہ جس میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو اور پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سمیت حکومتی اتحادی شریک ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں نگران وزیر اعظم کے لیے ناموں پر غور ہوگا۔ ذرائع کے مطابق نگران وزیراعظم کے لیے سابق وزیر خزانہ حفیظ شیخ، سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، اسلم بھوتانی اور فواد حسن فواد سمیت دیگر ناموں پر غور کیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نگران سیٹ اپ پر مشاورت 2 روز تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ گذشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف نے 9 اگست کو قومی اسمبلی تحلیل کرنے کی تاریخ دی۔