ویب ڈیسک:پاکستان اور بھارت میں کرکٹ کا جنون سر چڑھ کر بولتا ہے، اچھی پرفارمنس پر شائقینِ کرکٹ کھلاڑیوں کو سر پر بٹھا لیتے ہیں اور ناقص پرفارمنس پر زمین پر گرا بھی دیتے ہیں۔
کھلاڑیوں سے اپنی ناپسندیدگی کے اظہار کیلئے سوشل میڈیا کا سہارا بھی لیا جاتا ہے جہاں ٹرولنگ کیلئے میمز کے علاوہ بعض اوقات جعلی تصایور اور ویڈیوز بھی وائرل کردی جاتی ہیں۔
ایسا ہی کچھ قومی ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم کے ساتھ بھی ہوا جنکی ایک تازہ ویڈیو اِن دنوں سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہورہی ہے۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بابر اعظم کسی تقریب میں موجود ہیں، ایک بچہ مصافحہ کرنے کیلئے اُن کی جانب بڑھتا ہے لیکن قریب آکر بابر اعظم کے سوا باقی سب سے مصافحہ کرکے واپس چلا جاتا ہے۔
آیان آفریدی نامی بچے کے ٹک ٹاک اکاؤنٹ پر اس واقعے کی مکمل ویڈیو موجود ہے جسے دیکھ کر پتا چلا کہ وائرل ویڈیو فیک نہیں مگر اس کا ابتدائی حصہ کاٹ کر پھیلایا گیا تھا۔
مکمل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بچے نے قریب آکر سب سے پہلے بابر اعظم سے ہی ہاتھ ملایا تھا اور بعد میں اُن کے ساتھ بیٹھے دیگر لوگوں سے مصافحہ کیا۔
وائرل ویڈیو دیکھ کر لگ بھی یہی رہا تھا کہ بچے نے بابر اعظم کو نظرانداز کردیا تاہم مکمل ویڈیو دیکھ کر واقعے کی اصلیت سامنے آگئی۔