اسد قیصر، شہریار آفریدی سمیت دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں کی حفاظتی ضمانت منظور

10:08 AM, 4 Dec, 2024

ویب ڈیسک:پشاور ہائیکورٹ نے اسد قیصر، شہریار آفریدی سمیت دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں کی حفاظتی ضمانت منظور کر لی۔

تفصیلا ت کے مطابق پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اشتیاق ابراہیم اور جسٹس وقار نے پی ٹی آئی رہنماؤں کی حفاظتی ضمانت کی درخواست پر سماعت کی۔

عدالت نے اسد قیصر، شہرام ترکئی، شہریار آفریدی کو حفاظتی ضمانت دے دی، صوبائی وزیر تعلیم فیصل ترکئی سمیت دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں کی بھی حفاظتی ضمانت منظور کر لی گئی۔

عدالت نے وفاقی اداروں سے مقدمات کی تفصیلات بھی طلب کر لیں۔

سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی میڈیاٹاک

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ پر امن احتجاج کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے۔

تفصیلات کے مطابق پشاور ہائیکورٹ میں پیشی کے موقع پر پی ٹی آئی رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر کا کہنا تھا کہ عدالتوں میں بھی جائیں گے اور سڑکوں پر بھی احتجاج ہوگا، کوئی ہمیں احتجاج سے نہیں روک سکتا۔

انہوں نے کہا کہ عوام کے خلاف ایکشن لے کر نفرتوں کو بڑھایا جا رہا ہے، احتجاج کرنے پر دہشت گرد قرار دیا جاتا ہے، موجودہ حکومت کے پاس ایسے اقدامات کا کوئی جواز نہیں۔

سابق سپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کا مینڈیٹ چوری کیا گیا، ہماری لیڈر شپ کو ناجائز جیل میں رکھا جا رہا ہے، آئین ہر شہری کو حق دیتا ہے کہ وہ اپنے حق کے لئے آواز اٹھائے، پی ٹی آئی سب سے مقبول جماعت ہے یہ یکجہتی کی علامت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ آئین و قانون کا احترام کیا ہے، کوئی اگر اس کا غلط فائدہ اٹھائے تو یہ اس کی بھول ہے، ہم ڈٹ کر بانی پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑے ہیں، تمام سیاسی جماعتوں کی ذمہ داری ہے کہ غیرقانونی حکومت کے خلاف آواز اٹھائے۔

اسد قیصر کا مزید کہنا تھا کہ افسران کو بتانا چاہتا ہوں کہ اپنی قانونی حد سے آگے نہ بڑھیں، ہمارا احتجاج ابھی ختم نہیں ہوا، ہمارے جو لوگ جیلوں میں ہیں ان کی رہائی پہلی ترجیح ہے، شہداء کے گھروں کو جائیں گے، جو ظلم ہوا ہے اس کے خلاف ہر حد تک جائیں گے، انٹرنیشنل فورم پر بھی آواز اٹھائیں گے۔

مزیدخبریں