لاہور (پبلک نیوز) کالی گھٹاؤں نے زندہ دلوں کے شہر کا رخ کر لیا ہے۔ صوبائی دارالحکومت میں بوندا باندی کا سلسلہ ایک بار پھر شروع ہو گیا ہے جس نے جاتی سردی کو پھر سے لوٹنے پر مجبور کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سردی کے الوداعی دنوں میں بارشوں نے لاہور کا راستہ دیکھ لیا۔ لکشمی چوک، ڈیوس روڈ، گڑھی شاہو، دھرم پورہ، اقبال ٹاؤن، سبزہ زار سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں بارش شروع ہو گئی۔ مال روڈ، کینال روڈ، جیل روڈ اور فیروزپور روڈ پر بھی ہلکی ہلکی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ تازہ بارش کی وجہ سے شہر میں سردی کی شدت بڑھ گئی۔
محکمہ موسمیات کے کی جانب سے پیشین گوئی کی جا چکی ہے کہ یہ تازہ ترین سلسلہ آئندہ چوبیس گھنٹوں تک جاری رہے گا۔ اس دوران وقفہ وقفہ سے شہر کے مختلف علاقوں کہیں بارش ہو سکتی ہے تو کہیں ہلکی بوندا باندی کا امکان ہے۔