پاکستانیوں کا ڈیٹا چرایا جانے لگا، اعلیٰ حکام کو آگاہ کردیا گیا

05:07 AM, 4 Feb, 2022

Rana Shahzad
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستانی سوشل میڈیا صارفین کا ذاتی ڈیٹا اور معلومات چرائے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ اعلیٰ حکام کو اس انتہائی حساس معاملے سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستانیوں کی معلومات چرانے کیلئے ''دیشا'' نامی ایپ استعمال کی جا رہی ہے۔ کابینہ ڈویژن نے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے لکھے مراسلے میں محتاط رہنے کا کہہ دیا ہے۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی فوری طور پر دیشا نامی نیوی گیشن ایپ کو بند کرنے کے لئے اقدامات کرے۔ اس ایپ کے ذریعے سوشل میڈیا صارفین کے سسٹم ڈیٹا سٹور، میسجز اور لوکیشن تک رسائی حاصل کی جاتی ہے۔ کابینہ ڈویژن کے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ صارف کے علم میں لائے بغیر اہم معلومات کی رسائی کو روکا جائے۔ اس ایپلی کیشن کے ذریعے صارفین نیوی گیشن کا استعمال کرتے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ دیشا نامی ایپلی کیشن گوگل پلے سٹور پر موجود نہیں ہے اور اس کو تھرڈ پارٹی سرور کے زریعے انسٹال کیا جاتا ہے۔ مراسلے میں مزید بتایا گیا ہے کہ ایپلی کیشن کے یوزر فیڈ بیک میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور مستقبل میں ایپلی کیشن کے بڑھتے ہوئے استعمال کو روکنے کیلئے بندش کا فیصلہ کیا جائے۔ یہ بھی کہا گیا کہ سرکاری ملازمین نامعلوم ذرائع سے انسٹال کی جانے والی ایپلی کیشنز کو بلاک کر دیں اور کسی بھی ایسے لنک پر کلک نہ کریں جس میں لالچ شامل ہو۔ ایپلی کیشن انسٹال کرنے سے پہلے پرائیویسی پالیسی ضرور دیکھیں۔
مزیدخبریں