ہنڈا کمپنی نے اپنی مشہور گاڑی سوک کی بکنگ شروع کردی
10:31 AM, 4 Feb, 2022
لاہور: (ویب ڈیسک) ہنڈا اٹلس کار لمیٹڈ نے اپنی معروف گاڑی سوک کے نئے ماڈل کیلئے ملک بھر سے بکنگ شروع کر دی ہے۔ خریدار اس گاڑی میں بہت دلچسپی لے رہے ہیں۔ خبریں ہیں کہ ہنڈا کمپنی نے اپنی نئی گاڑی سوک کی قیمتوں میں ایک بار پھر سے مزید اضافہ کر دیا ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ اس کی قیمت اب 61 لاکھ سے بھی تجاوز کر گئی ہے۔ ان قیمتوں کے بعد سوک مقامی طور پر تیار ہونے والی سیڈان گاڑیوں میں سے سب سے مہنگی گاڑی بن جائے گی۔ اس سے قبل ہونڈائی سوناٹا کو مہنگی گاڑی کہا جا رہا تھا۔ ہنڈا سوِک ایک کمپیکٹ فیملی سیڈان ہے جو ٹویوٹا کرولا اور ہنڈائی ایلانٹرا سے مقابلہ کرتی ہے، اور ان دونوں کے ساتھ اس کی قیمت کا تقریباً 10 لاکھ روپے تک کا فرق ہے۔ اس طرح قیمت کا موازنہ کیا جائے تو اب سوک ایس یو وی کومپیکٹ کراس اوور کی کیٹگری میں شامل ہو چکی ہے، حالانکہ ایس یو وی گاڑیوں کا سوک سے زیادہ فائدہ اور زیادہ آرادم دہ ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ پاکستان میں ایس یو وی گاڑیوں کی مانگ میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے اور لوگ سیڈان گاڑیوں پر انہیں ترجیح دیتے نظر آ رہے ہیں۔ اب دیکھنا ہوگا کہ ہنڈا مارکیٹ میں اپنی حریف کمپنیوں سے کس طرح مقابلہ کرے گی جن کی گاڑیاں اس سے کافی کم قیمت پر دستیاب ہیں۔ نئی سِوک 3 اقسام میں دستیاب ہوگی۔ تمام اقسام میں ٹربو چارجڈ 1.5 لیٹر فور سلنڈر پیٹرول انجن ہے جو 180 ہارس پاور اور 240 نیوٹن میٹر ٹارک بناتا ہے اور اسے سی وی ٹی آٹومیٹک ٹرانسمیشن سے ملایا جاتا ہے۔ آفیشلی اعلان کے بعد ان کی قیمتیں جاری کر دی گئی ہیں۔ تاہم مقامی مارکیٹ کے لئے تینوں ویریئنٹس کے فیچرز کا اعلان ہونا باقی ہے۔ سوک 1.5 ٹربو LL-CVT کی قیمت 61 لاکھ 49 ہزار رکھی گئی ہے جس کی بکنگ کا آغاز 12 لاکھ روپے سے کیا جا رہا ہے۔ اس کے بعد سوک 1.5 ٹربو M-CVT Oriel ہے جس کی قیمت 53 لاکھ 99 ہزار رکھی گئی ہے اور اس کی بھی بکنگ 12 لاکھ دے کر کی جا سکے گی۔ سب سے آخر میں آنے والے ویرینٹ میں سوک 1.5 ٹربو M-CVT ہے جس کی قیمت 50 لاکھ 99 ہزار ہے اور اسے بھی 12 لاکھ کی ڈاؤن پیمنٹ کے ساتھ بک کیا جا سکے گا۔