’ جنت کبھی دوزخ میں تبدیل نہیں ہوسکتی‘
07:27 AM, 4 Jul, 2021
اسلام آباد(پبلک نیوز) مشعال ملک نے کہا ہے کہ اللہ کا قانون ہے جنت کبھی دوزخ میں تبدیل نہیں ہوسکتی. حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ جب اللہ تعالیٰ نے دنیا میں جنت بنائی تو یہ تحفہ صرف کشمیری قوم کو عطا کیا، ہر کشمیری اس خوبصورت جنت کا سپاہی ہے، بھارت سرکار نے ہر ممکن کوشش کی اس جنت کو دوزخ میں تبدیل کرے، کشمیر میں ہر بار بھارت کو شکست ملی، اللہ کا قانون ہے جنت کبھی دوزخ میں تبدیل نہیں ہوسکتی،جنت کشمیر کا سردار کوئی فرعون نہیں ہوسکتا ہے. مشعال ملک کا کہنا تھا کہ مودی تم کیا جانو بہادری اور دلیری کیا ہوتی ہے، مودی تمہیں لاکھوں کی فوج کا غرور ہے نا جو نہتی قوم پر قبضہ کرسکتی ہے، ہمارے پاس اللہ ہے جو سب سے بڑا ہے اور ہمارے پاس شہیدوں کی فوج ہے، ہمارے پاس یاسین ملک، سید علی گیلانی اور آسیہ اندرابی ہیں، ہمارے نوجوان، بچے، بزرگ اور خواتین سمیت ہر کوئی کشمیر کا محافظ ہے، مودی تم بے بس ہو ہر حربہ استعمال کرنے کے باوجود کشمیریوں کو دبا نہ سکے، مودی تم کشمیریوں کو ہرا نہ سکے مٹا نہ سکے.