مونس الٰہی کیخلاف منی لانڈرنگ کیس میں اہم پیشرفت

05:19 AM, 4 Jul, 2022

احمد علی
ایف آئی اے میں مونس الٰہی سمیت دیگر کے خلاف 24 ارب روپے منی لانڈرنگ کے کیس میں مونس الہی، سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی اور واجد بھٹی عدالت میں پیش ہوئے۔ ملزمان کی جانب سے حاضری مکمل کروائی گئی تفتیشی افسر کا کہنا تھا کہ محمد خان بھٹی اور واجد بھٹی شامل تفتیش ہوئے ہیں۔ عدالت نے استفسار کیا کہ ایف آئی آر کب دائر کی گئی ہے؟ اس پر تفتیشی نے بتایا کہ کمپنی کے شئیر ہولڈرز اور دیگر کو نوٹس جاری کر دیئے ہیں۔ اس کے بعد تعین کیا جائے گا کہ مونس الٰہی کا کیا رول ہے۔ عدالت کا کہنا تھا کہ ابھی تک کی آپ کی رپورٹ یہ کہہ رہی ہے کہ کسی کو طلب نہیں کیا گیا ہے۔ آپ نے ابھی تک کتنے بینک اکاوئنٹ لئے ہیں ہیں؟ کتنے گواہوں کے بیانات قلمبند کئے ہیں؟ ابھی تک کوئی کام نہیں کیا۔ تفتیشی افسر کا کہنا تھا کہ ریکارڈ 45 فیصد آ چکا ہے۔ دس سال سے پہلے کا ریکارڈ بینک ضائع کر دیتے ہیں، اس لئے مسائل آ رہے ہیں۔ اس پر عدالت نے واضح احکامات دیتے ہوئے کہا کہ اگلے ہفتے تک تفتیش مکمل کریں۔ عدالت نے تفتیشی افسر کو حکم دیا کہ اگلی تاریخ پر تفتیش اور آپ کا ریکارڈ مکمل ہونا چاہیے۔ بعد ازاں عدالت نے مونس الٰہی سمیت دیگر کے خلاف عبوری ضمانتوں پر 14 جولائی تک توسیع کردی۔
مزیدخبریں