وزیر اعظم کا جگلوٹ سکردو روڈ(جے ایس آر ) کے بلاک ہونے کا نوٹس

11:34 AM, 4 Jul, 2022

احمد علی
اسلام آباد: وزیراعظم شہبازشریف نے جگلوٹ سکردو روڈ(جے ایس آر) کے بلاک ہونے کا نوٹس لے لیا ۔ وزیر اعظم ہاؤس کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیراعظم نے لینڈسلائیڈنگ سے تورمک کے مقام پر بند شاہراہ فوری کھولنے کی ہدایت کردی ہے۔ وزیراعظم نے فرنٹئیر ورکس آرگنائزیشن (ایف ڈبلیو او) کوہنگامی اقدامات کی ہدایت کردی، وزیر اعظم نے ڈی جی ایف ڈبلیو او کو ہدایت کی ہے کہ اضافی مشینری اور افرادی قوت استعمال کریں ، راستہ جلد کھولا جائے، وزیراعظم نے ملکی وغیرملکی سیاحوں کی دیکھ بھال اور اشیائے ضروریہ کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے فوری انتظامات کی بھی ہدایت کی ہے۔ شدید بارشوں اور پہاڑی تودے گرنے سے گزشتہ دو ہفتوں کے دوران 6 دن شاہراہ بند تھی، جگلوٹ سکردو روڈ گلگت بلتستان کو تیل اور کھانے پینے کی اشیاءکی فراہمی اور آمدورفت کا واحد زمینی راستہ ہے ۔مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے سیاح مختلف پروازوں کے ذریعے گلگت بلتستان آرہے ہیں ۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے ہدایت دی ہے کہ سیاحوں کی آمد سے گلگت بلتستان میں اشیائے ضروریہ کے استعمال میں اضافہ ہوجاتا ہے لہذااشیاءکی قلت نہ ہونے دی جائے۔ خیال رہے کہ گلگت بلتستان کے ہوٹلز اور سیاحت کے شعبے سے وابستہ افراد نے وزیراعظم سے شاہراہ کی طویل بندش پر نوٹس لینے کا مطالبہ کیا تھا ۔ وزیراعظم نے علاقے کے کاروباری حضرات ، آبادی اور سیاحوں کو درپیش مشکلات فوری دور کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں، وزیر اعظم نے ہدایت کی ہے کہ عیدالالضحیٰ کی وجہ سے لوگوں نے اپنے گھروں کو بھی لوٹنا ہے، اس لئے کام کی رفتار تیز کی جائے۔
مزیدخبریں