اسٹیٹ بینک کے قیام کو 75 سال مکمل،حکومت نے75 روپے کا یادگاری نوٹ جاری کردیا
09:11 PM, 4 Jul, 2023
کراچی : اسٹیٹ بینک کے قیام کو 75 سال مکمل ہونے پر حکومت پاکستان نے 75 روپے کا یادگاری نوٹ جاری کیا ہے۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ اسٹیٹ بینک کے قیام کے 75 سال مکمل ہونے پر 75 روپے کا یادگاری نوٹ عام لوگوں کیلئے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے تمام دفاتر اور کمرشل بینکوں کی برانچز میں دستیاب ہے اور اسے ہر قسم کی روزانہ کی لین دین کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ خیال رہے کہ یادگاری نوٹ جاری کرنے کا مقصد آزاد ملک میں مرکزی بینکاری کے 75 سال مکمل ہونے کا جشن منانا ہے۔ تاریخی موقع پر جاری کیے گئے کرنسی نوٹ کے ذریعے حقوق نسواں، متبادل توانائی اور صادقین کے فن اور ان کے اسٹیٹ بینک کے ساتھ رہے تعلق کو بھی اجاگر کیا گیا ہے۔