پاکستان کی مقبوضہ فلسطینی علاقے جنین میں اسرائیلی فوج کے چھاپوں، فضائی حملوں کی شدید مذمت

09:52 PM, 4 Jul, 2023

احمد علی
اسلام آباد: پاکستان نے مغربی کنارے کے مقبوضہ فلسطینی علاقے جنین میں اسرائیلی فوج کے چھاپوں اور فضائی حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ اسرائیلی حملے میں 10 فلسطینی شہید اور 50 کے قریب زخمی ہوئے ہیں ، اسرائیلی فوج کی جانب سے فلسطینی عوام کے خلاف پرتشدد کارروائیاں فوری طور پر ختم ہونی چاہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان عالمی برادری سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ اسرائیلی قابض افواج کے ان ظالمانہ اور غیر قانونی اقدامات کو رکوائے،فلسطینی عوام کے انسانی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے عالمی برادری اپنی ذمہ داری ادا کرے۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان فلسطینی عوام کے حق خودارادیت سمیت ان کے حقوق اور آزادیوں کے مکمل حصول کے لیے ان کی جائز جدوجہد کے لیے اپنی مضبوط اور غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتا ہے، پاکستان اقوام متحدہ اور او آئی سی کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق، 1967 سے پہلے کی سرحدوں خود مختار فلسطینی ریاست کے لیے اپنے مطالبے کی تجدید کرتے ہیں۔
مزیدخبریں