ویب ڈیسک: صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں علی الصبح بارش کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے گڑھی شاہو، مال روڈ، ڈیوس روڈ، فیروزپور روڈ، شالیمار، باغبانپورہ، گوالمنڈی، گلشن راوی، سمن آباد سمیت مختلف علاقوں میں تیز ہوا کے ساتھ ہونے والی بارش کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا اور گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔
لاہور کے علاوہ پنجاب کے دیگر شہروں اٹک، گجرات ، گوجرانوالہ، مریدکے ، کامونکی، شرقپور اور حافظ آباد میں بھی بادل برسے، بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آ گئے جس کی وجہ سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، بارش کے باعث لیسکو کے متعدد فیڈرز ٹرپ کرنے سے متعدد علاقوں کی بجلی بند ہو گئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج پنجاب، کشمیر اور بالائی خیبرپختونخوا میں بارش کا امکان ہے۔
شمال مشرقی بلوچستان میں بھی کہیں کہیں بادل برس سکتے ہیں۔
بدھ کو ملک میں سب سے زیادہ درجہ حرارت نوکنڈی میں 48 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
کراچی میں موسم ابر آلود ہے، آسمان پر بادلوں کا راج
کراچی میں سرمئی بادلوں کا راج ہے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے پھوار پڑرہی ہے۔ آج صبح کم سے کم درجہ حرارت 30.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔ کراچی کا موجودہ درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔ گرمی کی شدت 38 ڈگری تک محسوس کی جارہی ہے۔ آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 70 فیصد ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔ کل سے مون سون سسٹم سندھ میں داخل ہونے کا امکان ہے۔
مون سون سسٹم کے تحت کل تھرپارکر، عمرکوٹ بدین، سانگھڑ، عمرکوٹ دیگر شہروں میں بارش کا امکان ہے۔ خیرپور، گھوٹکی، سکھر، کشمور، شکارپور اور دادو اضلاع میں جمعے اور ہفتے کو بارش کا امکان ہے۔ جیکب آباد، لاڑکانہ، قمبر شہدادکوٹ اور نوشہرو فیروز میں ہفتے کو بادل برسنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
بلوچستان میں موسم کی صورتحال:
صوبہ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔ تاہم شام یا رات میں ژوب ،موسی خیل ،بارکھان ،اقر خضدار میں تیز ہواؤں اور گرچ چمک کے بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت آج 41 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ قلات میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ سبی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ نوکنڈی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 48 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ تربت میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ بلوچستان کے ساحلی علاقوں جیوانی میں 35 اور گوادر میں 37 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔