بھارتی کرکٹ ٹیم وطن پہنچ گئی،وزیراعظم سے ملاقات

09:41 AM, 4 Jul, 2024

ویب ڈیسک :ٹی 20 ورلڈ کپ جیتنے کے بعد ٹیم انڈیا بالآخر  بھارت پہنچ گئی ۔تمغےپہنے کھلاڑی عوام کو دیکھ کر ہاتھ ہلاتے رہے۔ بھارتی وزیراعظم نریندرامودی کی ٹیم سے ملاقات، کھلاڑیوں کے اعزاز میں ظہرانہ دیا۔

 بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) نے عالمی فاتح ٹیم کے لیے خصوصی پرواز کا انتظام کیا تھا تاکہ روہت شرما کی فوج اور میڈیا نمائندے وطن واپس آسکیں۔ ایئر انڈیا کی پرواز AIC24WC (ایئر انڈیا چیمپئنز 24 ورلڈ کپ) آج صبح  بھارت پہنچی۔

یادرہے کہ روہت شرما کی قیادت میں ٹیم، اس کا معاون عملہ، بی سی سی آئی کے کچھ عہدیدار اور کھلاڑیوں کے اہل خانہ سمندری طوفان بیرل کی وجہ سے بارباڈوس میں پھنسے ہوئے تھے۔ ٹیم نے سنیچر کو فائنل میں جنوبی افریقہ کو سات رنز سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔ اس کے بعد ٹیم وہاں اپنے ہوٹل میں تھی۔

وزیراعظم نریندر مودی  نےبھی صبح 11 بجے انڈین کرکٹ ٹیم سے ملاقات کی۔وزیر اعظم نے ٹیم کے اعزازمیں اپنی رہائش گاہ پر استقبالیہ تقریب کا اہتمام کیا ۔ اس موقع پر نریندرا مودی کھلاڑیوں میں گھل مل گئے ۔

  وزیراعظم کی جانب سے دئیے گئے ظہرانے میں شرکت کے  بعد  ٹیم ممبئی کے لیے روانہ ہوگئی  جہاں ان کے اعزاز میں نریمان پوائنٹ سے وانکھیڑے اسٹیڈیم تک ایک روڈ شو کا اہتمام کیا گیا ہے۔

 اسٹیڈیم، جہاں بھارتی کرکٹ ٹیم، کوچز اور معاون عملہ کو مبارکباد دی جائے گی اور انہیں بی سی سی آئی کی جانب سے اعلان کردہ 125 کروڑ روپے کے نقد انعام سے نوازا جائے گا۔

مزیدخبریں