مہنگائی کو کنٹرول کرنے کیلئے مولانا فضل الرحمان کی اہم تجاویز

06:04 AM, 4 Jun, 2022

احمد علی
موجودہ مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے حوالے سے پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمان نے حکومت کو اہم تجاویز دیتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی، صوبائی وزرا، مشیر، معاونین، آفیسرز، گریڈ 19 سے اوپر کے بیوروکریٹس کی مراعات میں پچاس فیصد کمی کرنی ہوگی۔ مولانا فضل الرحمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ججز، جرنیلوں، قومی و صوبائی اسمبلیوں اور سینیٹ کی قائمہ کمیٹیوں سمیت ہر طبقہ فکر کو قربانی دینی ہوگی۔ پی ڈی ایم سربراہ کا کہنا تھا کہ موجودہ صوتحال گذشتہ نااہل، نالائق اور ناجائز حکومت کے غلط فیصلوں کا نتیجہ ہے۔ عوام اور حکومت کو مل کر مہنگائی کا مقابلہ کرنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام پر مہنگائی کا بوجھ ڈالا جا چکا، اب حکومت کو اپنی ذمہ داری ادا کرنی ہوگی۔ عوام کی طرح حکومتی نمائندوں، افسروں اور اعلی عہدیداروں کو قربانی دینی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو عوام کا احساس ہے، مگر ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچانے کیلئے سخت فیصلے کرنا مجبوری ہے۔ اپوزیشن آج عوام کا سوچ رہی ہے۔ کاش آئی ایم ایف کے ساتھ اپنے دور میں مذاکرات کرتے وقت ان باتوں کا خیال رکھا ہوتا۔
مزیدخبریں