ویب ڈیسک: شہرقائد میں ڈاکو راج کے خلاف عوام اور پولیس کا کریک ڈاؤن،رات گئے مبینہ پولیس مقابلے اور عوام کے تشدد سے 4 مبینہ ڈاکو مارے گئے۔
تفصیلات کے مطابق شہرقائد میں ڈاکو راج برقرار، پولیس نے مختلف کارروائیوں میں 6 زخمیوں سمیت 8 ملزمان کو گرفتار کرلیا،کورنگی زمان ٹاؤن میں جوتا فروش عبد الباسط کے قتل میں ملوث مبینہ 2 ڈاکوؤں سے پولیس کا مقابلہ ہوا۔
پولیس کاکہنا ہے کہ مبینہ مقابلے میں ایک ڈاکو مارا گیا اور دوسرا شدید زخمی ہوا،ہلاک ملزم کی شناخت ارشد اور زخمی کی شناخت یاسین چانڈیو کے نام سے ہوئی،ملزمان کے قبضے سے دو پستول برآمد ہوئے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ رنچھوڑ لائن، عیدگاہ پولیس کے ساتھ مبینہ مقابلے میں دو ڈاکو مارے گئے،ہلاک ملزمان سے ایک پستول اور موٹر سائیکل برآمد ہوئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ایف سی ایریا میں شریف آباد پولیس کے ساتھ مبینہ مقابلے میں ایک ڈاکو مارا گیا جبکہ ہلاک ملزم سے پستول اور ایک موبائل فون برآمد ہوا،ہلاک ملزم کا ساتھی موٹر سائیکل سمیت فرار ہوگیا۔
پولیس کے مطابق ملیر میمن گوٹھ میں وگن گولائی کے قریب مبینہ مقابلہ ہوا،ملزم تنویر شاہ زخمی حالت میں گرفتار ہوا جبکہ 2 ساتھی فرار ہوگئے،ملزم سے اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد کرلی گئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گلشن اقبال پولیس کا سرسید یونیورسٹی روڈ پر مقابلہ ہوا، مقابلے کے بعد زخمی ملزم عبدالستا اور اسکا ساتھی شکیل گرفتار ہوگئے جبکہ ملزمان سے اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد کرلی گئی۔
پولیس کی بروقت کارروائی پر اہل علاقہ کی پولیس کے حق میں نعرے بازی بھی کی گئی۔
نیو کراچی صنعتی ایریا صباء سینما کے قریب مبینہ پولیس مقابلہ ہوا،فائرنگ کے تبادلے کے بعد زخمی ملزم محمد اسد اور ساتھی ذیشان گرفتار ہوئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کے 2 ساتھی موقع سے فرار ہوگئے،ملزمان سے 2 پستول اور 2 موٹر سائیکلیں برآمد کرلی گئی جبکہ رضویہ سوسائٹی جہانگیر آباد میں لوٹ مار کرنے والے 2 ڈاکو عوام کے ہتھے چڑھ گئے اور ملزمان عبد الرحمان اور شایان کو پولیس نے تحویل میں لے لیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان سے ایک پستول برآمد ہوا جبکہ ملزمان کا تیسرا ساتھی طلحہ عرف سنی موقع سے فرار ہوگیا جسکی تلاش جاری ہے۔
شارع فیصل پر پولیس کا گلستان جوہر بلاک 11 میین روڈ پر مقابلہ ہوا،2 ملزمان زخمی حالت میں گرفتار جبکہ 2 فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے،ملزمان کے قبضے سے دو پستول چھینے گئے چار موبائل فون برآمد کیے گئے۔شارع فیصل کے علاقے سے چھینی ہوئی موٹرسائیکل بھی برآمد کرلی گئی اور گرفتار ملزمان میں امجداور اعجاز شامل ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان عادی مجرم اور متعدد بار جیل کی ہوا کھا چکے ہیں،ملزمان سچل گلشن گلستان جوہر اور شارع فیصل میں متعدد وارداتیں کرچکے ہیں۔گرفتار ملزمان کی متعدد سی سی ٹی وی فوٹیجز بھی موجود ہیں،فرار ہو جانے والے ملزمان کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔