مردہ قرار دی جانے والی خاتون کئی گھنٹے بعد زندہ ہوگئی

06:09 PM, 4 Jun, 2024

ویب ڈیسک: امریکا میں مردہ قرار دی گئی ایک عورت 2 گھنٹے بعد زندہ ہو گئی۔

تفصیلات کے مطابق نیبراسکا کی لنکاشائر کاؤنٹی میں یہ واقعہ پیش آیا جہاں ایک نرسنگ ہوم میں رہائش پذیر خاتون کو عملے نے مردہ قرار دیا اور ڈاکٹروں کو طلب نہیں کیا گیا۔

مگر ایک مردہ گھر کے عملے نے 74 سالہ Constance Glantz کو 2 گھنٹے بعد زندہ دریافت کیا۔

مقامی پولیس کے مطابق یہ بہت غیرمعمولی کیس ہے۔

لنکا شائر کاؤنٹی کے ڈپٹی چیف شیرف بین ہوسکین کے مطابق 'میں 31 سال سے کام کر رہا ہوں مگر اس طرح کا واقعہ کبھی دیکھنے میں نہیں آیا'۔

نرسنگ ہوم نے 3 جون کی صبح 9:44 پر خاتون کو مردہ قرار دیا تھا، جس کے بعد لاش کو مردہ گھر منتقل کیا گیا۔

وہاں جب خاتون کے بے جان جسم کو میز پر رکھا گیا تو عملے کے ایک فرد کو محسوس ہوا کہ وہ سانس لے رہی ہیں۔

جس کے فوری بعد طبی امداد کے لیے رجوع کیا گیا اور انہیں ایک اسپتال میں منتقل کیا گیا، جہاں وہ ابھی بھی زندہ ہیں۔

مردہ گھر کے عملے نے صبح 11:45 پر طبی عملے سے رابطہ کیا تھا یعنی خاتون کو مردہ قرار دینے کے 2 گھنٹے بعد۔

نرسنگ ہوم کی انتظامیہ نے اس واقعے پر اب تک کوئی بیان جاری نہیں کیا جبکہ مقامی پولیس کے مطابق خاتون کے خاندان کو صورتحال سے آگاہ کیا گیا ہے۔

پولیس کی جانب سے معاملے کی تفتیش بھی شروع کر دی گئی ہے۔

مزیدخبریں