”اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے کا طریقہ کار کیا ہوتا ہے؟“
05:09 AM, 4 Mar, 2021
اسلام آباد (پبلک نیوز) آئین اور قومی اسمبلی کے قواعد و ضوابط میں درج ہے کہ وزیر اعظم کے اعتماد کے ووٹ کا کیا طریقہ کار ہو گا؟ آئین کے آرٹیکل 91کی ذیلی شق 7کے تحت اگر صدر مملکت کو ایسا محسوس ہو کہ وزیر اعظم اراکین اسمبلی کا اعتماد کھو چکے ہیں تو وہ قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کرتے ہیں تاکہ وزیر اعظم اعتماد کا ووٹ لیں۔ قومی اسمبلی کے قوائد و ضوابط میں رول 36کے مطابق وزیر اعظم آئین کے آرٹیکل 91کی ذیلی شق 7اور سیکنڈ شیڈول پر عمل کرتے ہوئے ایوان سے اعتماد کا ووٹ لیتے ہیں۔شیڈول 2کے مطابق اعتماد سے ووٹ قبل سپیکر ا سمبلی پانچ منٹ تک ایوان میں گھنٹیاں بجواتے ہیں۔ جس دوران تمام ممبران اسمبلی میں حاضر ہو جاتے ہیں۔اس کے بعد لابیز کے درو ازے بند کر دئیے جاتے ہیں اور ایوان کے تمام داخلی راستوں پر اسمبلی سٹاف تعینات کر دیا جاتا ہے تاکہ کوئی شخص اندر اور باہر نہ آ جا سکے۔سپیکر ایوان میں قرار داد پڑھتے ہیں۔جس کے اعلان وہ اعلان کرتے ہیں کہ جو قرارداد کے حق میں ووٹ ڈالنا چاہتے ہیں وہ ووٹ ریکارڈ کرانے والے سٹاف کے پاس اپنا ووٹ ریکارڈ کروا لیں۔اس کے بعد رکن ووٹ گننے والے سٹاف کے پاس جاکر اپنا ڈویژن نمبر ریکارڈ کروا دیتے ہیں۔ووٹ دینے کے بعد ممبران ایوان میں واپس نہیں آتے بلکہ وہ لابی میں انتظار کرتے ہیں۔تمام اراکین کے ووٹ ڈ النے کے بعد سپیکر باضابطہ طور پر اعلان کر دیتے ہیں کہ ووٹنگ کا وقت ختم ہو چکا ہے۔ جس کے بعد سیکرٹری ووٹ کے نتائج حاصل کرتے ہیں۔