”اپوزیشن نے نئے انتخابات کا مطالبہ کر دیا“
06:56 AM, 4 Mar, 2021
اسلام آباد (پبلک نیوز) سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ آج قومی اسمبلی کے اجلاس کو اچانک سپیکر نے ختم کر دیا اور جس طرح چور بھاگتے ہیں اس طرح قومی اسمبلی کا سپیکر ڈائس سے بھاگا ٗ کل کی شکست کے بعد حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہے شاہد خاقان عباسی نے دیگر اپوزیشن رہنماؤں کے ساتھ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کل حکومتی وزرا ٗ عمران خان کو گھر چھوڑ کر ایک سٹیج پر اکٹھے ہوئے اور وہاں پر انہوں نے کہا کہ ہم اعتماد کا ووٹ لیں گے۔ نہ ان کو قانون کا پتہ ہے ٗ نہ ان کو آئین کا پتہ ہے۔ کل کہا کہ اعتماد کا ووٹ لیں گے اور ابھی بارہ گھنٹے بھی نہیں گزرے کہ سپیکر ڈائس چھوڑ کر بھاگ گیا۔یہ پاکستان کی قومی اسمبلی اور پاکستان کی حکومت کی حالت ہے۔کل کیا ہوا؟ پورے پاکستان نے دیکھ لیا ہے۔ اس حکومت کا وزیر خزانہ امیدوار تھا۔ اس کی الیکشن کمپین وزیر اعظم نے خود چلائی۔ ہر ایم این اے کو ملا۔اربوں کی سکیموں کے وعدے کئے۔ انہو ں نے کہا کہ ہر قسم کی دھونس اور دھاندلی کی کوشش کے باوجود بھی حکومت کو شکست فاش ہوئی۔ یہ بات عیاں ہے کہ عمران خان نیازی اس ہاؤس کا اعتماد کھو چکا ہے۔ وہ لوگ جو حکومتی بنچوں پر بیٹھتے ہیں 17افراد نے اس کیخلاف ووٹ دیا ہے۔ حکومت کے پاس آج اکثریت نہیں ہے۔ یہ بات بالکل واضح ہو چکی ہے۔اب اس کا صرف ایک حل ہے اور وہ نئے انتخابات ہیں۔ اگر پاکستان کو اس سیاسی ٗ معاشی بحران سے نکالنا ہے تو واحد حل ہے کہ نیا الیکشن ہو اور پاکستانی عوام کو اپنی رائے کے استعمال کا موقع دیا جائے اور وہ فیصلہ کریں کہ اس ملک میں کس حکومت ہو گی۔ شاہد خاقان عباسی نےکہا کہ اب جعلی اعتماد کا ووٹ لینے کا ٗ اسمبلیوں کو دھونس دھاندلی سے چلانے کا وقت ختم ہو چکا ہے۔ ڈھائی سال میں اس حکومت کی ناکامی سے پورا پاکستان پریشان ہے۔ اب واحد راستہ ہے کہ نئے انتخابات ہوں اور عوامی حکومت منتخب کی جائے جو ملک کے مسائل حل کر سکیں۔