بطور اتحادی آپ کے ساتھ ہیں اور رہیں گے

10:50 AM, 4 Mar, 2021

احمد علی
اسلام آباد (پبلک نیوز) وزیر اعظم عمران خان نے آج سرکاری مصروفیات ترک کر کے پارٹی کے حوالے سے اہم فیصلے، قومی اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ لینے کے حوالے سے حکومتی اور اتحادی اراکین اور جماعتوں سے رابطے کئے۔ وزیر اعظم کا ٹیلی فون پر سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی اور وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال سے رابطہ ٗ وزیر اعظم نے حکومتی اور اتحادی پارٹیوں کا اہم اجلاس کل طلب کر لیا جبکہ آج وزیر اعظم ہاؤس میں وزراء اور اہم پارٹی عہدیداروں سے ملاقات اور مشاورت کی۔تفصیلات کے مطا بق وزیراعظم عمران خان نے سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی کو ٹیلیفون کیا۔ گفتگو کے دوران پنجاب میں سینیٹ کے تمام امیدواروں کو بلامقابلہ منتخب کروانے پر چودھری پرویزالٰہی کا شکریہ ادا کیا۔ وزیر اعظم عمران خان نے چودھری پرویزالٰہی سے موجودہ سیاسی صورتحال اور ہفتے کو اعتماد کا ووٹ لینے پر مشاورت کی اور چودھری شجاعت حسین کی خیریت بھی دریافت کی۔ سپیکر پنجاب اسمبلی نے وزیر اعظم کو یقین دلایا کہ بطور اتحادی آپ کے ساتھ ہیں اور رہیں گےمزید برآں وزیر اعظم عمران خان نے اپنے انتہائی قریبی وفاقی وزرا اور پارٹی عہدیداروں کا وزیر اعظم ہاؤس میں ملاقات کیلئے بلایا اور اس دوران سینٹ انتخابات ٗ اعتماد کا ووٹ لینے اور دیگر معاملات پر خوشگوار ماحول میں گفت و شنید ہوئی۔وزیراعظم عمران خان نے حکومتی اور اتحادی جماعتوں کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس کل طلب کرلیا اور ہدایت دی کہ حکومتی و اتحادی ارکان کل پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں شرکت کریں۔
مزیدخبریں