بل گیٹس کی سابقہ اہلیہ نے بالاخر طلاق کی وجہ بتا دی

04:25 AM, 4 Mar, 2022

Rana Shahzad
کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) دنیا کے امیر ترین بزنس مین بل گیٹس کی اہلیہ نے دل پر بوجھ رکھتے ہوئے اپنے 27 سالہ ازدواجی زندگی کو خیرباد کہہ دیا تھا۔ دنیا حیران تھی کہ آخر انہوں نے ایسا کیوں کیا؟ بالاخر اب انہوں نے خود ہی طلاق کی وجہ بتا دی ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق اب کئی ماہ بعد 57 سالہ ملینڈا گیٹس نے طلاق جیسے تلخ فیصلے اور بل گیٹس کے معاشقے پر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب یہ معاملہ شروع ہوا تو میں نے ٹھنڈے دل ودماغ سے سوچا کہ اس بارے میں کام کرنا چاہئے کیونکہ میں فطرتاً معاف کرنے پر یقین رکھتی ہوں۔ ملینڈا گیٹس نے حیران کن انکشاف کیا کہ ان کی طلاق کی بنیادی وجہ بل گیٹس کا پرانا معاشقہ نہیں تھا۔ حقیقت یہ ہے کہ میں سوچنے پر مجبور تھی کہ ہم دونوں کے درمیان رشتے کی خوبصورتی اور احساسات باقی نہیں رہے۔ میں نے اعتماد کرنا چھوڑ دیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ میں نے بل گیٹس کیساتھ طلاق کے بعد بہت غصہ کیا اور آنسو بہائے لیکن میں اب اس چیز سے باہر نکل کر اپنے بارے میں سوچ رہی ہوں اور اپنے مستقبل کے حوالے سے زیادہ پرجوش ہوں۔ بل گیٹس کی سابق اہلیہ نے کہا کہ میں نے اپنے زخموں کو مندمل کرنے کی شروعات کر دی ہے۔ میں نے اپنی زندگی کی کتاب کے ایک پیج کو پلٹ دیا ہے۔ اب میں آگے بڑھ چکی ہوں۔ خیال رہے کہ کچھ عرصہ قبل لکھے گئے ایک بلاگ میں بل گیٹس نے طلاق کے بارے میں لکھا تھا کہ 2021ء ان کی لائف کا سب سے مشکل ترین سال تھا۔ یہ ایسا سال تھا جو میرے لیے بہت اداس کن تھا۔ میں اس بات کو تسلیم کرتا ہوں۔ خیال رہے کہ بل گیٹس اور ملینڈا کے درمیان قربتیں 1987ء میں بڑھنا شروع ہوئیں جب دونوں کی مائیکروسافٹ کے آفس میں ملاقات ہوئی۔ یہ تعلق بڑھا تو دونوں نے 1994 میں شادی کرلی تھی۔
مزیدخبریں