سندھ ہائیکورٹ: محسن بیگ کی ایک مقدمے میں ضمانت منظور
07:34 AM, 4 Mar, 2022
کراچی: (ویب ڈیسک) سندھ ہائیکورٹ نے صحافی محسن بیگ کی ایک مقدمے میں ضمانت منظور کر لی ہے۔ ان کیخلاف یہ مقدمہ کراچی میں درج کرایا گیا تھا۔ محسن بیگ پر قائم مقدمے کو ختم کرنے کی درخواست کی سماعت آج سندھ ہائیکورٹ میں ہوئی۔ وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے عدالت عالیہ میں تحریری جواب جمع کرایا جس میں منی لانڈرنگ کے الزامات میں محسن بیگ کی گرفتاری ڈال دی گئی۔ اسسٹنٹ اٹارنی جنرل کا عدالت کے روبرو کہنا تھا کہ کراچی میں درج مقدمے میں بھی محسن بیگ کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ملزم یخلاف سیشن کورٹ میں عبوری چالان بھی داخل کرا دیا گیا ہے۔ تاہم سندھ ہائیکورٹ نے تسلی بخش جواب نہ دینے پر فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی اسسٹنٹ اٹارنی جنرل پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔ جسٹس اقبال کلہوڑو نے استفسار کیا کہ گذشتہ سماعت پر ایف آئی اے اور وفاقی حکومت سے جواب طلب کیا گیا تھا۔ عدالت میں جواب جمع کرانے کے بجائے محسن بیگ کی ناصرف گرفتاری ڈال دی گئی بلکہ عبوری چالان بھی جمع کرا دیا گیا۔ جسٹس اقبال کلہوڑو کا کہنا تھا کہ سندھ ہائیکورٹ میں رجوع کرنے کے بعد گرفتاری ڈالی گئی۔ ملک میں کوئی بادشاہت نہیں ہے۔ عدالت نے محسن بیگ کی کراچی میں درج مقدمے میں ضمانت منظور کرتے ہوئے ایک لاکھ روپے کے مچلکے ناظر سندھ ہائیکورٹ کے پاس جمع کرانے کی ہدایت کی۔ معزز جج کا کہنا تھا کہ کل کو محسن بیگ کیخلاف گلگت، پشاور اور کوئٹہ میں بھی مقدمے درج کردینگے؟ پاکستان میں کوئی بادشاہت رائج نہیں ہے۔ عدالت نے آئندہ سماعت میں اٹارنی جنرل کو ذاتی حیثیت سے طلب کرنے کے احکامات جاری کئے۔ سندھ ہائیکورٹ کا کہنا تھا کہ اگر کسی کی بدنیتی ثابت ہوئی تو ذمہ داروں کیخلاف سخت کارروائی کریںگے۔ مقدمہ درج کرنے والوں کوجیل بھی جانا پڑ سکتا ہے۔ تاہم عدالت نے ریمارکس دئیے کہ ابھی ہم مقدمہ ختم نہیں کر رہے ہیں۔