معاشی بحران، چین نے دوستی کا حق ادا کر دیا

07:05 AM, 4 Mar, 2023

احمد علی
لاہور: ملک میں جاری بدترین معاشی بحران کے دوران چین نے پاکستان کے ساتھ مشکل وقت میں ایک مرتبہ پھر سے دوستی کا حق ادا کر دیا ، چین کی جانب سے پاکستان کو 50 کروڑ ڈالر دیئے گئے ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اپنے آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ پر یہ بتایا ہے کہ سٹیٹ بینک آف پاکستان کو انڈسٹریل اینڈ کمرشل بینک آف چائنا لمیٹڈ (ICBC) سے 1.3 بلین ڈالر کی فنانسنگ سہولت میں سے 500 ملین ڈالر (50 کروڑ ڈالر) موصول ہو گئے ہیں ، جس سے ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر کو مضبوط کرنے میں مدد ملے گی ۔ اپنے پیغام میں انہوں نے کہا ہے کہ 1.3 بلین ڈالر کی فنانسنگ کے حوالے سے تمام رسمی کارروائیاں مکمل کر لی گئی ہیں اور چینی بینک نے رول اوور سہولت کی منظوری بھی دے دی ہے، یہ رقم 3 اقساط میں دی جائے گی کہ جس میں سے پہلی قسط مرکزی بینک کو موصول ہو چکی ہے ۔ اس سے پہلے دن میں بھی ان کا کہنا تھا کہ ملکی معیشت کے لیے فنانسنگ بہت ہی اہم ہے، جسے ادائیگی کے توازن کے بحران کا سامنا ہے ، سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے پاس موجود غیر ملکی ذخائر اس سطح پر گرے ہیں کہ جو بمشکل تین ہفتوں کا احاطہ کر سکے ۔ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے مزید بتایا کہ کہ پاکستان کو رواں مالی برس ، جو کہ جون میں ختم ہو رہا ہے ، اپنے مالیاتی فرق کو ختم کرنے کیلئے پانچ بلین ڈالر کی بیرونی فنانسنگ کی ضرورت ہوگی ۔
مزیدخبریں