یہ لوگ خود بحران ہیں ملک کو بحران سے نہیں نکال سکتے:بیرسٹرگوہرخان

04:18 PM, 4 Mar, 2024

ویب ڈیسک : بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ ہم مسائل کے باوجود آگے بڑھنا چاہتے ہیں، یہ لوگ خود بحران ہیں ملک کو بحران سے نہیں نکال سکتے۔

تفصیلات کے مطابق بیرسٹر گوہر خان کا کہنا ہے کہ ہمیں کوئی مشہوری نہیں چاہیے بلکہ عوام کو اپوزیشن کے ردعمل کا علم ہونا چاہیے، مفاہمت کی طرف بڑھنا چاہیے، ابھی تو مذاکرات یا مفاہمت سے متعلق کوئی رابطہ نہیں کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمان کے فلور پر بات ہوئی لیکن باضابطہ رابطہ نہیں کیا گیا، بانی پی ٹی آئی ہی مفاہمت اور بات چیت کا حتمی فیصلہ کریں گے، ہم نے اپنے منشور میں بھی ٹروتھ اینڈ ری کنسیلیشن کا کہا ہے، نفرتیں بہت ہوئیں، اس سے مسائل بڑھتے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ یورپ میں مسائل تھے جنگیں لڑیں اور پھر اتفاق پیدا ہوا، یہ کون لوگ ہیں جو نفرتیں پیدا کرتے ہیں۔ہمیں جو درس دیتے ہیں اپنے گریبانوں میں جھانکیں، پی ڈی ایم حکومت میں نیب قانون تبدیل کرکے پچاس ارب کے کیسز معاف کرائےگئے،انہیں جمہوریت اور حقوق پر اتنا غرور ہے تو جیلوں میں قید خواتین کے بارے میں ایک لفظ بھی نہیں کہا.

بیرسٹرگوہر نے کہا کہ ہمارے امیدواروں کو الیکشن لڑنے سے روکاگیا تب انہوں نے مذمت نہیں کی،ان کو جمہوریت راس نہیں آتی،یہ مفادات کے لیے اکٹھے ہوتے ہیں۔دو بڑے ہمیں جمہوریت کا درس دے رہے ہیں،اپنے نام کے ساتھ بھٹو لگا کر بھٹو نہیں بنا جاتا،وہ ہار کہاں گئے جو سوئس بینکوں میں پڑے تھے۔

مزیدخبریں