تائیوانی چپ کمپنی کاامریکا میں 100 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کااعلان

11:01 AM, 4 Mar, 2025

ویب ڈیسک: تائیوان کی سیمی کنڈکٹر مینیوفیکچرنگ کمپنی ٹی ایس ایم سی کے سی ای او ، سی سی وئے نے پیر کو اعلان کیا کہ ان کی کمپنی آنے والے برسوں میں امریکا میں 100 ارب ڈالر کی اضافی سرمایہ کاری اور پانچ اضافی چپ فیکٹریاں بنانے کا ارادہ رکھتی ہے ۔

تفصیلات کے مطابق کمپنی کے سی ای او نے یہ اعلان وائٹ ہاؤس میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ ایک میٹنگ کے دوران کیا ۔

ٹرمپ نے اس موقع پر کہا، ،’’ ہمیں چپس اور سیمی کنڈکٹر بنانے کے قابل ہونا چاہیے جس کی ہمیں یہاں ضرورت ہے ۔ ‘‘ انہوں نے مزید کہا،’’ یہ ہماری قومی سلامتی کا معاملہ ہے ۔‘‘

ٹی ایس ایم سی ، جو دنیا میں چپ بنانے والی سب سے بڑی کمپنی ہے،امریکا کی ہارڈ وئیر بنانے والی کمپنیوں کو سب سے زیادہ چپ فراہم کرتی ہے ۔

ایک سو ارب ڈالر کی یہ سرمایہ کاری، جو امریکی پروڈکشن کو فروغ دے گی اور ایشیا میں بننے والے سیمی کنڈکٹرز پر امریکا کاانحصار کم کرے گی،اس بڑی سرمایہ کاری کے علاوہ ہے جس کااعلان اس سے قبل کیا گیا تھا۔

ٹی ایس ایم سی حال ہی میں ا س بات پر تیار ہو گئی تھی کہ وہ امریکا میں اپنی مجوزہ سرمایہ کاری کو 25 ارب ڈالر سے 65 ارب ڈالر تک بڑھا دے گی اور ایریزونا میں 2030 تک ایک تیسری فیکٹری کا اضافہ کر دے گی۔

5 نومبر کے انتخابات میں اپنی کامیابی کے بعد سے ٹرمپ نے روزگار پیدا کرنے کے لیے ملکی صنعتوں میں سرمایہ کاری کو بڑھانے کی کوششوں میں اضافہ کر دیا ہے۔

ٹی ایس ایم سی کی جانب سے ایسی سرمایہ کاری کے اعلان سے قبل فروری میں ایپل کمپنی نے کہا تھا کہ وہ اگلے چار برسوں میں 500 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی۔ امارات کے ارب پتی حسین سجوانی اور سوفٹ بنک نے بھی امریکہ میں کئی ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا وعدہ کیا ہے۔

نائٹ وژن سسٹم‘ کے اہم آلات بنانے والی ایک فرانسیسی کمپنی نےپیر کو اعلان کیا ہے کہ وہ امریکا میں نئی فیکٹری لگا رہی ہے۔اس کمپنی کے آلات نیٹو اتحاد میں شامل بعض ممالک بھی استعمال کرتے ہیں۔

نائٹ وژن سسٹمز ان آلات کو کہا جاتا ہے جو تاریکی میں دیکھنے کے لیےکام آتے ہیں۔ یہ آلات اکثر سیکیورٹی ایجنسیز استعمال کرتی ہیں۔

فرانسیسی کمپنی ’ایگزوسنز‘ کی جانب سے امریکا میں نئی فیکٹری لگانے کا اعلان ایسے موقع پر سامنے آیا ہے جب نیٹو میں شامل ممالک پر دفاعی بجٹ میں اضافہ کرنے کے لیے دباؤ بڑھ رہا ہے۔

ایگزوسنز نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ یہ فیکٹری امریکا کی ریاست میسا چوسٹس میں قائم کی جا رہی ہے جو دو برس بعد 2027 میں کام شروع کر دے گی۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ کمپنی اپنے آپریشنز کو وسعت دینے کے لیے 2 کروڑ 10 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کر رہی ہے اور یورپ میں اپنے آپریشنز کی توسیع دینا بھی اس کے مقاصد میں شامل ہے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ زیادہ شدت کی لڑائیوں نےیہ واضح کیا ہے کہ رات کی تاریکی میں آپریشنز کی صلاحیت حربی برتری کے لیے کتنی ضروری ہے۔

مزیدخبریں