بچوں کی طرح پالی بلی کی موت کا غم،خاتون نےاپنی جان لے لی

01:36 PM, 4 Mar, 2025

ویب ڈیسک: انڈین ریاست اتر پردیش کے ضلع امروہہ کی ایک خاتون نے اس امید پر اپنی بلی کو دفنانے سے انکار کر دیا کہ وہ دوبارہ زندہ ہو جائے گی اور اس دوران اپنی ہی جان لے لی۔

انڈین اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق فیملی نے بتایا کہ 36 سالہ خاتون نے بلی کے مرنے کے تین دن تک اسے اپنے قریب رکھا اور دفنانے سے انکار کرتی رہیں۔

پولیس کے مطابق محلہ کوٹ حسن پور کی رہائشی خاتون نے مبینہ طور پر سنیچر کو گلے میں پھندا ڈال کر خود کشی کر لی تھی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون کا ذہنی توازن درست نہیں تھا اور اس حوالے سے مراد آباد میں ان کا علاج بھی جاری تھا۔

خاتون کی والدہ نے بتایا کہ ان کی بیٹی کو ’ٹیٹو ( بلی) سے بہت زیادہ پیار تھا۔ بدھ کی رات کو دس بجے کے قریب ٹیٹو کی زبان کالی ہونا شروع ہوئی اور 45 منٹ کے بعد ہی اس کی موت واقع ہو گئی۔‘

والدہ نے واضح کیا کہ ان کی بیٹی نے کبھی اپنی جان لینے کے حوالے سے کسی قسم کا کوئی عندیہ نہیں دیا تھا۔

اس صدمے سے گزرنے پر متاثرہ خاندان کا کہنا ہے کہ وہ آئندہ کبھی بھی بلی نہیں پالیں گے۔

اہل خانہ نے بتایا کہ خاتون نے دو سال قبل بلی لی تھی اور اس ’کو اپنے بچے کی طرح پالا تھا۔ بلی کے مرنے پر وہ بہت زیادہ غمزدہ ہو گئی تھی۔‘

خاتون کے ہمسائے کا کہنا ہے کہ انہوں نے بلی کو اکثر خاتون کے ساتھ ہی دیکھا تھا۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ آٹھ نو سال قبل خاتون کی شادی ہوئی تھی جو کچھ دن سے زیادہ نہ چل سکی۔

خاتون کی موت واقع ہونے کے بعد بلی کو پولیس کی موجودگی میں دفنا دیا گیا تھا۔

مزیدخبریں