ویب ڈیسک:پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی بیرسٹر شیر افضل مروت نے بانی پی ٹی آئی سے اختلاف کی وجہ بیان کردی۔
سینیئر صحافی منصور علی خان کے پوڈکاسٹ میں بات کرتے ہوئے شیر افضل مروت نے کہا انہیں امید نہیں تھی کہ 8 فروری کے ہیرو کو پارٹی باہر نکال دیا جائے گا، جنتی تکلیف مجھے اپنی ہی پارٹی کی سوشل میڈیا ٹیم نے دی کس نے نہیں دی، اس میں پارٹی کے وہ لوگ بھی شامل ہیں جو خان صاحب کے پاس جاتے اور اُن کا ایک ہی ٹاسک ہے کہ مروت کو گرانا ہے۔
شیر افضل مروت نے کہا اس بار اُن کا گلہ بانی پی ٹی آئی سے بنا ہے کیونکہ جب دوسری بار مجھے نکالا تھا تو میں نے بہت ساری چیزیں اُن کے سامنے واضح کردی تھیں کہ کون کیوں میری مخالفت کررہا ہے، جس پر انہوں نے اتفاق کیا تھا۔
بانی پی ٹی آئی سے اختلاف کی وجہ بیان کرتے شیرافضل مروت نے کہا وہ مجھے بار بار کہتے ہیں کہ آپ میڈیا پر لوگوں کے خلاف بیان نہ دیں، میں نے کئی بار اُن سے وعدہ کیا اور اس کو توڑا۔
توڑنے کہ وجہ یہ ہے کہ وہ لوگ میرے خلاف بیان بازی کرتے ہیں جو کہ میں برداشت نہیں کرسکتا، اب اس چیز کو انہوں نے ڈسپلن کہا ہوا ہے، اگر یہ ڈسپلن ہے تو کوئی میرے خلاف بیان دے اور میں چپ ر ہوں یہ نا ممکن ہے۔
شیر افضل مروت کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ دنوں بھی ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ اگر یہ لوگ میرے خلاف بیان دیں گے تو میں اُن کو جواب دیتا رہوں گا۔