اسلام آباد ( پبلک نیوز) وزارت قانون کی جانب سے ریپ اور جنسی جرائم کے مقدمات کی جلد سماعت اور نمٹانے کے لیئے عدالتوں کے قیام کی سمری وزیر اعظم کو ارسال کر دی گئی۔ اس حوالے سے سیشنز اور ایڈیشنل سیشن ججز کی عدالتوں کو خصوص اختیارات دیئے جائیں گے۔
ترجمان وزارت قانون کے مطابق خصوصی عدالتیں ریپ اور جنسی زیادتی کے مقدمات 4 ماہ میں نمٹائیں گی۔ خصوصی عدالتوں کے قیام کی سمری اس کے بعد صدر کو ارسال کی جائے گی۔ اس سے قبل اینٹی ریپ آرڈیننس سے متعلق 42 رکنی کمیٹی بنائی گئی۔
کمیٹی کی سربراہی پارلیمانی سیکریٹری بیرسٹر ملیکہ بخاری کر رہی ہیں۔ سیشنز اور ایڈیشنل سیشنز ججوں کی عدالتوں کو خصوصی اختیارات ملنے پر آرڈیننس کے پوری طرح نفاذ میں مدد ملے گی۔ اس ضمن میں ہر ضلعے میں اینٹی ریپ کرائسس سیلز کا قیام پر بھی کام جاری ہے۔
وزیر قانون فروغ نسیم نے اینٹی ریپ خصوصی عدالتوں کے قیام پر نہایت تندہی سے کام کیا ہے۔ صدر مملکت کی منطوری کے بعد عدالتوں کو نوٹیفائی کر دیا جائے گا۔