عمران خان کا اسلام آباد روانگی سے قبل وہیل چیئر پر بیٹھے ویڈیو پیغام جاری
11:03 AM, 4 May, 2023
سابق وزیر اعظم عمران خان نے اسلام آباد روانگی سے قبل اہم ویڈیو پیغام جاری کر دیا . تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی و سابق وزیر اعظم عمران خان اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیش ہونے کے لئے لاہور زمان پارک سے روانہ ہوگئے ۔ عدالت کی جانب سے گذشتہ روز 9 مقدمات میں ضمانت قبل از گرفتاری میں ایک دن کی توسیع کرتے ہوئے کہا تھا کہ عمران خان آج پیش نہ ہوئے تو عبوری ضمانت کو منسوخ کردیا جائے گا۔ اسلام آباد روانگی سے قبل وہیل چیئرپر بیٹھے عمران خان نے زمان پارک والی رہائشگاہ کے باہر سے قوم کیلئے اپنا خصوصی پیغام ریکارڈ کروایا۔ عمران خان کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ دوپہردو بجے کرے گا۔ سابق وزیر اعظم اپنی لیگل ٹیم کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوں گے۔ پاکستان تحریک انصاف چیئرمین عمران خان کے ساتھ 15وکلاء کو کمرہ عدالت جانے کی اجازت ہوگی ، کورٹ روم نمبر ون میں وکلاء، صحافیوں کا داخلہ خصوصی پاس کے ذریعے ہوگا۔ وفاقی پولیس نے اس حوالے سے تمام تیاریاں مکمل کرلی ہیں ۔ اسلام آباد ہائی کورٹ میں ڈھائی ہزار اہلکار تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ، اس کے علاوہ ایف سی اور رینجرز کے آٹھ سو اہلکار بھی تعینات کیے جائیں گے جنہیں آنسو گیس شیل ، واٹر کینن مہیا کیے جائیں گے۔ اینٹی رائٹ فورس کے ساتھ ساتھ پولیس کو ربڑ کی گولیاں بھی مہیا کی جائیں گی ، بم ڈسپوزل اسکواڈ کی ٹیم بھی اس موقع پرموجود ہوگی جب کہ ہنگامہ آرائی کی صورت میں کارکنان کو گرفتار کرنے کیلئے قیدی وین بھی موجود ہو گی ۔ ترجمان اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ وفاقی دارالحکومت میں دفعہ 144 نافذ ہے ، کسی بھی قسم کا اجتماع غیرقانونی ہوگا ۔